لوک سبھا انتخابات :پولیس نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر شمال و جنوب میں فلیگ مارچ کیا

سرینگر /30مارچ /

لوک سبھا انتخابات سے قبل ووٹروں میں تحفظ اور اعتماد کا احساس پیدا کرنے کیلئے جموں کشمیر پولیس نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے شمال و جنوب میں فلیگ مارچ کیا۔

سی این آئی کے مطابق لوک سبھا انتخابات 2024نزدیک آتے ہی جہاں سیکورٹی فورسز متحرک ہو گئی ہے وہیں سنیچروار کے روز پلوامہ ، سرینگر ، گاندربل ، بارہمولہ اور وادی کے دیگر اضلاع میں سیکورٹی فورسز نے فلیگ مارچ کیا ۔ حکام نے بتایا کہ فلیگ مارچ ضلعی پولیس اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) نے پوری وادی میں کیا۔انہوں نے کہا کہ فلیگ مارچ آئندہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر کیا گیا۔حکام نے کہا کہ فلیگ مارچ معاشرے میں تحفظ اور ہم آہنگی کا احساس پیدا کرنے اور آزادانہ، منصفانہ اور بے خوف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے علاقے کے تسلط کی مشق کا حصہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس اور سی اے پی ایف کے سینئر افسران اور جوانوں نے فلیگ مارچ میں حصہ لیا۔خیال رہے کہ کشمیر میں لوک سبھا کی تین سیٹیں ہیں۔

اننت ناگ راجوری، سرینگر اور بارہمولہ جس میں سے اننت ناگ راجوری میں تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو پولنگ ہوگی، سرینگر میں چوتھے مرحلے میں 13 مئی کو اور بارہمولہ میں پانچویں مرحلے میں 20 مئی کو پولنگ ہوگی۔

Comments are closed.