جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن دو پرچوں کے امتحانات ملتوی
سرینگر/:سرینگر جموں شاہراہ مسلسل تین روز سے بند ہونے کے پیش نظر جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن نے 15 اور 17 فروری کوکے اے ایس2016مینز کے پہلے دو پرچوں کے امتحانات ملتوی کردئے ہیں، تاہم19فروری سے بقیہ پرچوں کا امتحان مقررہ شیڈول کے مطابق لیا جائے گا۔
کشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروس(کے اے ایس)2016مینز کے امتحانات 15فروری جمعرات سے شروع ہونے والے تھے، البتہ خراب موسمی حالات اور اس کے نتیجے میں سرینگر جموں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت نا ممکن بن جانے کے پیش نظر امتحانات ملتوی کرنے کے مطالبے نے زور پکڑ لیا کیونکہ امتحانات میں شامل ہونے والے امیدواروں کی ایک بڑی تعداد شاہراہ پر درماندہ ہے۔
ادھر قانون سازیہ اجلاس کے دوران بھی کئی ممبران نے اسی طرح کی مانگ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی مداخلت طلب کی۔چنانچہ موسمی صورتحال اور وزیر اعلیٰ کی مداخلت کے تناظر میں ریاستی پبلک سروس کمیشن(JKPSC) کا ہنگامی اجلاس جمعرات کی صبح کمیشن کے چیرمین لطیف الزمان دیوا کی صدارت میں منعقد ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ کے اے ایس2016مینز کے پہلے دو پرچوں کا امتحان ملتوی کیا جائے۔کے ایم ا ین کے مطابق اس سلسلے میں بعد میں کمیشن کی طرف سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کی گئی جس کے مطابق 15اور17فروری کو جنرل اسٹیڈیز اور جنرل انگلش و انگلش مضامین کے پرچوں کا امتحان ملتوی کردیا گیا ہے۔
تاہم نوٹیفکیشن کے مطابق19فروری سے منعقد ہونے والے دیگر پرچوں کا امتحان پہلے سے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی لیا جائے گا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملتوی ہونے والے دو پرچوں کے امتحان کےلئے نئی تاریخیں بعد میں مقرر کی جائیں گی۔کمیشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ فیصلہ سرینگر جموں شاہراہ اور دیگر سڑکوں کے بند ہونے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
Comments are closed.