کریم آباد پلوامہ میں پتھراﺅ ،ہوائی فائرنگ

سرینگر:کریم آباد پلوامہ میں فوج کو اُس وقت ہوائی فائرنگ کرنا پڑی جب مشتعل ہجوم نے اچانک ان کی گاڑی پر شدید پتھراﺅ کیا اور سڑک پر رکاﺅٹیں کھڑی کیں۔مقامی لوگوں نے فوج پر راست فائرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے بھی کئے، تاہم اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔

پلوامہ سے کے ایم این نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ بدھ کی صبح ایک کیسپر گاڑی میں سوارفوج کی55آر آر سے وابستہ اہلکار کریم آباد علاقے میں معمول کی گشت پر تھے کہ گاڑی پر کئی اطراف سے اچانک سنگباری شروع کی گئی۔یہ وہی علاقہ ہے جہاں جنگجوﺅں کی تلاش میں آنے والے سیکورٹی فورسز اہلکاروں کو ہمیشہ سخت مزاحمت کا سامنا رہتا ہے ۔

فوجی گاڑی کو دیکھتے ہی نوجوانوں نے نہ صرف سڑک پر رکاﺅٹیں کھڑی کیں بلکہ فوجی گاڑی پرپتھراﺅ شروع کیا،تاہم فوج نے فوری طور جوابی کارروائی عمل میں لائی اور مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کےلئے ہوا میں گولیوں کے کئی راﺅنڈ فائر کئے۔پتھراﺅ کچھ دیر کےلئے جاری رہا اور فوجی اہلکاروں نے مظاہرین کا تعاقب کرکے انہیںبھگادیا۔اس صورتحال کی وجہ سے علاقے میں اتھل پتھل مچ گئی اور کچھ دیر کےلئے حالات پر تناﺅ رہے۔اسی بیچ فوجی اہلکار وہاں سے چلے گئے ۔

واقعہ کے بعد مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرے کئے اور فوج کے خلاف نعرے بازی کی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ فوجی اہلکاروں نے لوگوں پر راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کئی گولیاں دیوانوں اور رہائشی مکانوں کو جالگی، تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

Comments are closed.