کشمیر: حالیہ برف باری سے سردی میں اضافہ
سری نگر: وادی کشمیر میں حالیہ برف باری کے نتیجے میں دن اور شبانہ درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کی بعض بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ بدھ کو مسلسل تیسرے دن بھی وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔
اس دوران وادی کشمیر کو بیرون دنیا سے جوڑنے والی 300 کلو میٹر طویل سری نگر جموں شاہراہ مٹی کے تودے گرآنے کی وجہ سے مسلسل تیسرے دن بھی بند رہی۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ ریاست میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں بارش یا برف باری ہوسکتی ہے۔
ریاست میں لیہہ اور کرگل بدستور سرد ترین مقامات بنی ہوئیں جہاں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 10 اعشاریہ 8 ڈگری اور منفی 10 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 9 اعشاریہ 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
گلمرگ سے ایک ہوٹل مالک نے یو این آئی کو فون پر بتایا کہ یہاں کے بالائی حصوں میں برف باری کا سلسلہ گذشتہ تین دنوں سے وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔
Comments are closed.