ویڈیو: بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی ،لینڈ سلائیڈنگ کے سبب شاہراہ بند

سرینگر:محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر کا مسلسل تیسرے رو ز بھی باقی ماندہ دنیا سے زمینی رابط منقطع ہو کر رہ گیا ،کیو نکہ سرینگر ۔جموں شاہراہ کے مختلف مقامات پر پسیاں اور چٹانین گر آنے سے رکاوٹیں پیدا ہوگئیں ،جسکے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی آوا جا ہی روک دی گئی ۔ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر پنچال کے آر پار آئندہ36گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ہے ۔

اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر کو باقی ماندہ دنیا سے جوڑنے والی300 کلومیٹر طویل سری نگر۔جموں شاہراہ بھاری لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بدھ کو مسلسل تیسرے دن بھی بند ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہراہ کے مختلف مقامات پر سینکڑوں گاڑیاں پھنسی ہیں جس میں مسافر گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ کچھ مسافر گاڑی کو چھوڑ کر پیدل ہی ان متاثرہ مقامات سے اپنے مستقر کیلئے روانہ ہوگئے۔

ٹریفک پولیس کے ایک افسر نے بتایا’ کل دوپہر بعد موسم کے بہتر ہونے اور برف اور بھاری لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ مقامات کو درست کرنے کے بعد ہم نے گاڑیوں کی نقل و حرکت کی اجازت دی تھی لیکن پنتھال اور انوکھاپال میں تازہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت دوبارہ روک دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تازہ برفباری ہونے سے پہلے کافی تعداد میں گاڑیاں یہاں سے نکل چکی تھیں۔قابل غور ہے کہ سرینگر۔جموں قومی شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کی وجہ پیر سے بند ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرینگر ۔جموں شاہراہ واحد زمینی راستہ ہے ،جو کشمیر کو باقی ماندہ دنیا سے جوڑتا ہے ۔تاریخی مغل روڑ کو سرینگر ۔جموں شاہراہ کا متبادل تصور کیا جارہا ہے ،لیکن ابھی اِ س روڑ کو یہ درجہ حاصل نہیں ۔

ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت سے سفارش کی ہے کہ تاریخی مغل روڑ کو قومی شاہراہ کے بطور درجہ دیا جائے ،لیکن سفارشات پر ابھی تک مرکزی حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں لیا ۔مغل روڑ بھاری برفباری کے سبب ہنوز بند ہے ۔

ادھر حالیہ برفباری کے سبب کئی بین الضلعی اور بین الاریاستی رابط سڑکیں بھی بندہیں جسکی وجہ سے لوگوں کو طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 36گھنٹوں کے دوران پیر پنچال کے آر پار مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے صوبائی ناظم سونم لوٹس نے تعمیل ارشاد کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کو مطلع ابر وآلود رہے گا جبکہ جمعرات کو چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے ۔

ان کا کہناتھا کہ22اور23فروری کو پیر پنچال کے آر پار چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارشیں اور برفباری ہونے کا قوی امکان ہے ۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ مجموعی طور پر وادی میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے ایک افسر نے درجہ حرارت کے حوالے سے تفصیلات کے مطابق سرینگر میں کم ازکم درجہ حرارت 0.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ گیٹ وے آف کشمیر قاضی گنڈ میں رات کا درجہ حرارت منفی3.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔

سیاحتی مقام پہلگام اور گلمرگ میں رات کا درجہ حرارت منفی 8.2،9.4ڈگری بالترتیب ریکارڈ کیا گیا ۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم ازکم دررجہ حرارت منفی0.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔جنوبی سیاحتی مقام کوکرناگ میں رات کا درجہ حرارت منفی3.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔

صوبہ جموں میں درجہ حرارت کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے مطابق جموں شہر میں رات کا درجہ حرارت 6.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔بانہال میں منفی0.5ڈگری ،کٹرا میں 7.0اور بھدرواہ میںمنفی1.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔کرگل میں رات کا درجہ حرارت منفی10.0ڈگری اور لہیہ میںمنفی10.8ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔

Comments are closed.