بارہمولہ آوارہ کتوں نے تین خواتین اور دو بچوں سمیت 17افراد پر حملہ کرکے انہیں زخمی کر دیا
سرینگر /14مارچ /
بارہمولہ کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ کے باعث مقامی آبادی میں خوف و دہشت کی لہر پھیل گئی ہے جبکہ ضلع کے شیری ، فتح گڑھ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں آوارہ کتوں نے قریب 17افراد پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ آوارہ کتوں کے حملے میں تین خواتین، دو بچے اور بارہ دیگر افراد زخمی ہوئے۔
مقامی لوگوںنے بتایا کہ ناروا بارہمولہ کے ہیوان، فتح گڑھ اور شیری گاوں میں چند گھنٹوں کے اندر ایک آوارہ کتے نے 17افراد اور کئی جانوروں کو کاٹ لیا۔زخمیوں کو پی ایچ سی شیری لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور اینٹی ربیز ویکسین لگائی جبکہ شدید زخمی افراد کو میڈیکل کالج بارہمولہ منتقل کیا گیا ۔
پی ایچ سی شیری کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اظہر مجید نے تصدیق کی کہ تمام زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد دی گئی، تین شدید زخمیوں کو مزید علاج کیلئے میڈیکل کالج بارہمولہ منتقل کیا گیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل صرف پانچ دن پہلے آوارہ کتوں کے ایک ٹولے نے شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں کم از کم بارہ افراد پر حملہ کیا تھا۔
Comments are closed.