واگورہ بارہمولہ میں محکمہ فائر سروس کی گاڑی الٹ گئی ، 4فائر سروس اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی
سرینگر /27فروری /
بارہمولہ کے واگورہ علاقے میں محکمہ فائر سروس کی گاڑی الٹ جانے کے نتیجے میں 4فائر سروس اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی ہو گئے ۔
سی این آئی کے مطابق بارہمولہ کے واگورہ علاقے میںمحکمہ فائر سروس کی ایک گاڑی حادثے کی شکار ہوئی اور الٹ گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں ایک رہائشی مکان میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد فائر سروس عملہ گاڑی میں آگ بجھانے کیلئے جا رہا تھا جس دوران گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی اور الٹ گئی ۔ گاڑی الٹ جانے کے نتیجے میں اس میں سوار چار فائر سروس اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے ۔
محکمہ فائر سروس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کریری کے فائر سروس اسٹیشن کو پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک اطلاع ملی کی درہمہ واگورہ میں منظور احمد کے رہائشی مکان میں آگ لگی جس کے بعد اسٹیشن نے ایک فائر انجن کو موقعہ واردات کیلئے روانہ کیا تاہم پھسلن کی وجہ سے کریری پہنچنے پر گاڑی الٹ گئی جس سے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں ایک ایل ایف ایم (لیڈنگ فائر مین)، تین فائر فائٹرس اور ڈرائیور شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کی شناخت عبدالحمید لون (ایل ایف ایم)، محمد عبداللہ (ایس جی سی ٹی)، محمد اشرف (مکینیکل ڈرائیور)، شوکت احمد (فائر مین) اور اظہر دین (فائر مین) کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد میں آگ پر قابو پانے کیلئے دو الگ الگ فائر انجن جائے وقوع پر بھیجے گئے تھے۔انہوںنے کہا کہ تمام زخمیوں کو اسپتال علاج کیلئے پہنچایا گیا اور ان کی ابتدائی مرہم پٹی کے بعد انہیں وہاں سے رخصت کیا گیا ۔
Comments are closed.