40ایام پر محیط چلہ کلان شدیدٹھندساتھ لیکر رُخصت پذیر

سری نگر:۰۳، جنوری:

پیر کو رات کے12بجے 40روزہ چلہ کلان کے رُخصت ہوجانے کے ساتھ ہی پوری کشمیر وادی میں شدید سردی کا طویل دورانیہ بھی ختم ہوگیا ،کیونکہ پیر اور منگل کی درمیانی رات سری نگر سمیت سبھی میدانی علاقوںمیں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج ہوا ،تاہم تازہ برف سے ڈھکے گلمرگ میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی6ڈگری سینٹی گریڈتک گرگیا جبکہ پہلگام اور سونہ مرگ سمیت بالائی مقامات پر بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر ریکارڈ کیاگیا ۔

تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے 40 دن کے سخت دور کے آخری دن پیر کو بادل چھائے رہنے کے درمیان رات کے درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گلمرگ کو چھوڑ کر جہاں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران منگل کو صبح ساڑھے8بجے تک 10 سینٹی میٹر برف باری ہوئی، جموں و کشمیر کے تمام مقامات پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ پیر اور منگل کی درمیانی رات سری نگرایک اعشاریہ ایک ملی میٹر بارش ہونے کے بیچ رات کا درجہ حرارت2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور سال کے اس وقت یہ سری نگرمیںمعمول سے4.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات کم از کم درجہ حرارت4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔پہلگام، جہاں دوران شب2ملی میٹر بارش ہوئی۔میں پیر اور منگل کی درمیانی رات درجہ حرارت منفی3.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح سے جنوبی کشمیرکے کوکرناگ علاقے میں گزشتہ رات کم سے کم پارہ 0.7ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ قصبے میں، جہاں9.8 ملی میٹر بارش ہوئی، گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت0.3گری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔متعلقہ محکمے کے مطابق گلمررگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرات منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر وادی کے دیگر اضلاع بشمول بڈگام ،گاندربل ،بارہمولہ ،بانڈی پور ہ ،پلوامہ ،شوپیان ،اننت ناگ اور کولگام میں بھی پیر اور منگل کی درمیانی رات درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر ریکارڈ کیاگیا۔

Comments are closed.