پاکستان اور اسکی ایجنسیاں جموں و کشمیر کے کچھ حصوں میں دہشت گردی کو بحال کرنے کی مسلسل کوششیں کر رہی ہیں/ پولیس سربراہ

سرینگر /24جنوری

جموں کشمیر پولیس سربراہ آر آر سوئن نے یوم جمہوریہ کیلئے کشمیر صوبے میں تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی۔ یہ میٹنگ پولیس کنٹرول روم کشمیر میں منعقد ہوئی جس میں پولیس، آرمی، سی آر پی ایف، بی ایس ایف، ایس ایس بی، سی آئی ایس ایف اور دیگر بہن ایجنسیوں کے افسران نے شرکت کی۔

میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام دستیاب وسائل کا موثر استعمال کرتے ہوئے کشمیر بھر کے تمام مقامات پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اعلیٰ سطح کے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے اور سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سرحد پار سے دہشت گردوں کو جموں و کشمیر میں گھسانے کی سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ دہشت گردی کے سپورٹ سسٹم کے خلاف سخت نگرانی اور بعد میں کارروائی پر زور دیتے ہوئے، ڈی جی پی نے کہا کہ پاکستان اور اس کی ایجنسیاں جموں و کشمیر کے کچھ حصوں میں دہشت گردی کو بحال کرنے کی مسلسل کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے دہشت گردوں کو معاونت فراہم کرنے والے ہر عنصر کی نشاندہی کے لیے خصوصی نگرانی قائم کرنے کی ہدایت کی۔

ڈی جی پی نے دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے جدید آلات کے موثر استعمال کے علاوہ انسانی انٹیلی جنس نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دہشت گردوں کے زیر استعمال ٹیکنالوجی کی نشاندہی کرنے اور اس کے مطابق انسدادی حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے ماڈیولز کی نئی شکلوں کی نشاندہی کرنے اور انہیں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بیک وقت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

Comments are closed.