وزیر داخلہ امیت شاہ 9جنوری کو جموں وکشمیر وارد ہو رہے ہیں

سرینگر/ 05جنوری

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 9جنوری کو جموں وکشمیر کے دورے پر آرہے ہیں جس دوران وہ سیکورٹی منظر نامے کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیں گے۔معلوم ہوا ہے کہ دورے کے دوران وزیر داخلہ اگلی چوکیوں کا بھی دورہ کریں گے۔ ممکنہ دورے کے پیش نظر جموں وکشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 9جنوری کو جموں وکشمیر کے متوقع دورے پر آرہے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ جموں میں یونین ٹریٹری کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیں گے جبکہ وہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقی ہونگے۔معلوم ہوا ہے کہ وزیر داخلہ دورے کے دوران بھارتیہ جنتاپارٹی کے مقامی لیڈروں کے ساتھ بھی میٹنگ کریں گے جس دوران آنے والے پارلیمانی چناو کے حوالے سے بھی لیڈروں کو ٹاسک دیا جائے گا۔باوثوق ذرائع کے مطابق پونچھ اور راجوری میں دہشت گرد سرگرمیوں میں اضافہ کے بیچ وزیر داخلہ کا جموں وکشمیر کا دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

بتادیں کہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں پچھلے کچھ ماہ کے دوران دہشت گرد سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ دورے کے دوران راجوری اور پونچھ اضلاع میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کے بارے میں آگاہی حاصل کریں گے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا اتوار کو ایک روزہ دورے پر جموں وارد ہو رہے ہیں۔

Comments are closed.