محمد افضل گورو کی برسی کل :وادی بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ
سرینگر/۸فروری/محمد مقبول بٹ اورمحمد افضل گورو کی برسی کے سلسلے میں ہڑتال اور احتجاجی کال کے پیش نظرسخت حفاظتی انتظامات کے بیچ وادی بھر میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے کسی بھی امکانی صورتحال کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار رہنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔اس دوران افضل گورو کی برسی کے موقعے پرجمعہ کو سرینگر اور گورو کے آبائی قصبہ سوپور سمیت وادی کے دیگر کئی حساس علاقوں میں امن و قانون کو برقرار رکھنے کےلئے پابندیاں عائد کی جارہی ہیں جبکہ مزاحتمی لیڈران کو نظر بند کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا نیٹ ورک کے مطابق 9 فروری 2013 کو دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی پر لٹکائے گئے محمد افضل گورو کی پانچویں برسی کے موقعے پر مشترکہ مزاحتمی قیادت نے جمعہ کومکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کی پیل کی ہے۔اسی طرح کی کال11فروری کو محمد مقبول بٹ کی برسی پر دی گئی ہے جنہیں 1984میں اسی جیل میں تختہ دار پر لٹکایا گیا تھا۔ چنانچہ 9 اور 11 فروری کو دونوں کی باقیات کشمیری عوام کو سونپنے کے حق میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر پوری وادی میں حسب سابقہ حفاظت کے انتہائی سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس اور سیکورٹی فورسز کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ جنگجو ان موقعوں پر کوئی واردات انجام دینے کی تاک میں ہونگے۔فورسز اور پولیس کو ان علاقوں کی گشت تیز کرنے کےلئے کہا گیا ہے جہاں امن و قانون کی صورتحال کو کسی قسم کا کوئی خطرہ درپیش رہتا ہے ۔ دوسری جانب پولیس اور خفیہ ایجنسیاں امکانی گڑ بڑ کو قبل از وقت ٹالنے کےلئے صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 9فروری جمعہ کو پائین شہر کے بیشتر علاقوں کے ساتھ ساتھ محمد افضل گورو کے آبائی علاقہ دوآبگاہ سوپور اور وادی کے دیگر حساس علاقوں میں امتناعی احکامات نافذ رہیں گے اور لوگوں کی نقل و حرکت محدود کردی جائے گی۔اس مقصد کےلئے دوران شب پولیس اور فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق یہ پابندیاں ممکنہ طور11فروری اتوارکو بھی جاری رہیں گے اور اس روز کپوارہ کے بعض علاقوں کو بھی پابندیوں کی زد میں لایا جائے گا۔
ادھر کے ایم این کے مطابق پولیس نے 9اور11فروری کے پیش نظر مزاحتمی قائدین کو گرفتار یا خانہ نظر بند کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔پولیس نے دوران شب متعدد مزاحتمی لیڈران اور کارکنوں کے گھروں پرچھاپے مارے ہیں اور کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔کئی لیڈران پہلے سے ہی اپنے گھروں میں نظر بند ہیں جبکہ دیگر لیڈران کو دوران شب ان کے گھروں میں نظر بند کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر دوران شب مزیدگرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔
Comments are closed.