مفرور جنگجو کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

سرینگر/۸ فروری/دوروز قبل شہر کے صدر اسپتال سے ڈرامائی انداز میں فرار ہونے والے لشکر کمانڈر ابو حنظلہ کی حزب کمانڈر صدام پڈر کے ساتھ تازہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔

 

کے ایم ا ین نمائندے کے مطابق قریب چار سال تک نظر بند رہنے کے بعد لشکر طیبہ کا پاکستانی کمانڈرنوید جٹ عرف ابو حنظلہ 6فروری منگل کو سرینگر کے صدر اسپتال سے اُس وقت فرار ہونے میں کامیاب ہوا جب اسے علاج و معالجہ کی غرض سے اسپتال لایا گیا جہاں اس کے ساتھیوں نے اس کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرکے دو اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

فرار کے صرف دوروز بعد جمعرات کو ابو حنظلہ نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک تازہ تصویر جاری کی ہے جس میں وہ حزب المجاہدین کے کمانڈر صدام پڈر کے ساتھ نظر آتا ہے اور دونوں کے ہاتھوں میں خود کار رائفلیں بھی ہیں۔تصویر میں دونوں مسکرارہے ہیں اوران کے پیچھے ایک کمبل نظر آرہا ہے ۔

یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور اس کی وسیع پیمانے پر ترسیل کی جارہی ہے۔صدام کا تعلق جنوبی ضلع شوپیان سے ہے جو اکثر سابق حزب کمانڈر برہان وانی کے ساتھ تصاویر میں نظر آتا تھا۔ پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ بظاہر یہ تصویر تازہ نظر آرہی ہے اور اس کی چھان بین شروع کردی گئی ہے۔

Comments are closed.