حق و انصاف کی جدوجہد میں قربانیاں ناقابل فراموش:عمر فاروق

حریت(ع) چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے حق و انصاف کی جدوجہد میں کشمیریوں کی قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دےتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے جائز حق کے حصول کی خاطر ایک طویل جدوجہد میں اب تک ہزاروں نفوس کی قربانیاں پیش کرچکے ہیں۔

موصولہ بیان کے مطابق حریت(ع) کے محبوس چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق جنہیں ریاستی انتظامیہ نے اپنی رہائش گاہ میں مسلسل نظر بند رکھ کر ان کی جملہ دینی، سیاسی، سماجی سرگرمیوں پر قدغن عائد کردی ہے نے رواں تحریک آزادی کے ہر اول دستے کے قائد اور سرکردہ رہنما شہید محمد مقبول بٹ کو انکی 34ویں اور کشمیر کے مایہ ناز سپوت شہید محمد افضل گورو کو انکی5ویں برسیوں پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے حق و انصاف کی جدوجہد میں انکی قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے ۔

میرواعظ نے کہا کہ حق و انصاف کے حصول کیلئے دی جانے والی قربانیاں اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں حل کرنے کیلئے ہم اپنی پر امن جدوجہد مسئلہ کے حل تک جاری و ساری رکھیں۔میرواعظ نے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے ان شہیدوں کی یاد میں9 اور11فروری کو احتجاجی ہڑتال اور11 فروری کو مصلوبین کی اجساد خاکی اور باقیات کی واپسی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے مقامی مبصرین کے دفتر پر جاکر یو این او کے سیکریٹری جنرل کے نام ایک یادداشت پیش کرنے کی حمایت کرتے ہوئے ان پروگراموں کو ہر سطح پر کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے جائز حق کے حصول کی خاطر ایک طویل جدوجہد میں اب تک ہزاروں نفوس کی قربانیاں پیش کرچکے ہیں اورشہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کی قربانیاں یقینا ایک منفرد حیثیت کی حامل ہےں۔

میرواعظ نے کہاکہ شہدائے کشمیر کی قربانیوں کو صرف اُسی وقت ثمر آور بنایا جاسکتا ہے جب پوری قوم لگن اور یکسوئی کے ساتھ ان شہداءکے مشن کے تئیں بھر پور وابستگی اور غیر متزلزل استقامت کا مظاہرے کرے۔ میرواعظ نے کہاکہ بھارتی حکمرانوں اور اسکے ریاستی کٹھ پتلیوں کی جانب سے مزاحمتی تحریک کو کچلنے کیلئے ہر غیر جمہوری اور غیر انسانی حربہ آزمایا جارہا ہے اورہر طرح کے وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے لیکن اگر قوم استقامت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتی ہے تو ان کے حربوںکو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید محمد مقبول بٹ اور شہید افضل گورو اور دوسرے ہزاروںشہداءکو خراج عقیدت ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد اور فکری یکسوئی کے ساتھ ساتھ رواں تحریک آزاد ی کیخلاف رچائے جارہے منصوبوں سے ہوشیار رہےں۔

انہوں نے شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کی باقیات قوم کو واپس لوٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انصاف پسند ممالک اور اداروں پر زور دیاکہ وہ بھارت کے غیر جمہوری اور غیر اخلاقی رویوں اور طرز عمل کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ان شہیدوں کے باقیات کشمیری عوام کو لوٹانے کیلئے اپنا کردار ادا کرےں ۔

Comments are closed.