پہلگام ونٹر فیسٹول 17 فروری سے، کشمیری وازوان اور تانگہ سواری فیسٹول کا حصہ
سری نگر:جموں وکشمیر کا محکمہ سیاحت 17 اور 18 فروری کو جنوبی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں دو روزہ ’ونٹر فیسٹول‘ کا انعقاد کررہا ہے جس میں کشمیر کی مجموعی ثقافت کو بالعموم اور کشمیری دیہات کی ثقافت کو بالخصوص اجاگر کیا جائے گا۔
محکمہ سیاحت نے فیسٹول میں سیاحوں کی بھاری تعداد کو یقینی بنانے کے لئے سوشل میڈیا پر ایک منظم مہم کو شروع کیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق قریب پانچ ہزار ملکی سیاحوں نے پہلگام ونٹر فیسٹول میں شمولیت کے لئے حامی بھرلی ہے۔ فیسٹول کے لئے پہلگام کے مین مارکیٹ کے علاوہ چند نذدیکی دیہات کو برقی قمقموں سے چراغاں کیا جائے گا۔ دو روزہ فیسٹول کے دوران مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کے علاوہ مختلف نوعیت کے ایونٹ جیسے شیڈو آرٹ شو، تانگہ سواری، ولیج واک اور میوزک ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔
ناظم سیاحت کشمیر محمود احمد شاہ نے کہا کہ اس فیسٹول کے انعقاد کا مقصد پہلگام کو کو سرمائی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا ’پہلگام کو ایک گرمائی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ ملا ہے۔ ہم نے اسے ایک سرمائی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لئے تین سال قبل یہاں آئس کلائمنگ شروع کی۔ اب ہم ہر سال نئے سال کے موقع پر وہاں آئس کلائمنگ کا انعقاد کرتے ہیں‘۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ فیسٹول کے انعقاد کا مقصد پہلگام کے چھوٹے ہوٹلوں کو پراموٹ اور فائدہ پہنچانا بھی ہے۔
انہوں نے کہا ’کشمیر میں سری نگر کے بعد سب سے زیادہ ہوٹل پہلگام میں ہیں۔ نامساعد حالات کا زیادہ اثر چھوٹے ہوٹلوں پر پڑا ہے۔ بڑے ہوٹل اپنی مارکیٹنگ خود کرتے ہیں۔ ان کی اپنی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیج ہوتے ہیں۔ ان چھوٹے ہوٹلوں کو فروغ اور فائدہ پہنچانے کے لئے بھی ہم یہ دو روزہ ونٹر فیسٹول کا انعقاد کررہے ہیں‘۔ ناظم سیاحت نے کہا کہ پہلگام ونٹر فیسٹول کو ایک مختلف انداز میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ’ہر ایک فیسٹول میں وی آئی پیز کو بلایا جاتا ہے، لیکن اس فیسٹول میں وی آئی پیز پر مقامی لوگوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ ہم پورے مارکیٹ کو سجائیں گے۔ فیسٹول میں ہم کشمیری وازوان اور ہینڈی کرافٹس کو خصوصی طور پر سیاحوں کے لئے دستیاب رکھیں گے۔
فیسٹول کے دوران ولیج اور فارسٹ واک کا اہتمام کیا جائے گا‘۔ محمود احمد شاہ نے متذکرہ فیسٹول کے لئے شروع کی گئی تشہیری مہم کے بارے میں کہا ’ہم نے اس فیسٹول کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر پراموٹ کیا ہے۔ ہم اشتہارات کا بھی سہارہ لیں گے۔ ہم اس فیسٹول کے لئے ایک ویب سائٹ بھی دستیاب کرائیں گے۔ ہمیں سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کرنا چاہیے۔ اب ہم اپنے سوشل میڈیا پیجز پر صرف پہلگام کو پراموٹ کررہے ہیں۔ گذشتہ چند ہفتوں سے ان پیجز پر صرف اور صرف پہلگام فیسٹول سے متعلق معلومات اور تصویریں اپ لوڈ کی جارہی ہیں‘۔
انہوںنے کہا کہ ملکی سیاحتی اس فیسٹول میں اپنی گہری دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’ملکی سیاح بڑی تعداد میں اس فیسٹول میں شرکت کی دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ گجرات، دہلی، راجستھان، جنوبی ہندوستان میں تامل ناڈو، کرناٹک، تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے رہنے والے لوگ اس میں شرکت کرناچاہتے ہیں‘۔ ناظم سیاحت نے کہا کہ اس سال کا آغاز مثبت انداز میں ہوا ہے اور گلمرگ کے ہوٹل کرسمس اور نئے سال کے موقع پر بھرے پڑے تھے۔ انہوں نے کہا ’بدقسمتی سے زیادہ برف باری نہیں ہوئی۔ ہم 10 اور 11 فروری کو برف باری ہونے کی امید کررہے ہیں۔
برف باری کے ساتھ بڑی تعداد میں سیاح یہاں آئیں گے۔ بہت سارے غیرملکی سیاح دہلی اور گوا میں ٹھہرے ہوئے ہیں، جوں ہی یہاں برف باری ہوگی تو وہ یہاں کا رخ کریں گے‘۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ پہلگام فیسٹول کے لئے ہوٹل مالکان نے خصوصی پیکیجز بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹریول ایجنٹس نے بھی پیکیجز بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر میں بننے والی ہر ایک چیز کو فیسٹول میں دستیاب رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ’ہمارے پاس وہاں پہلگام کلب ہے۔
اس میں ہم شیڈو آرٹ پروگرام کا انعقاد کریں گے۔ یہ پہلی دفعہ ہے کہ جب وادی میں شیڈو آرٹ کے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے لئے کلکتہ سے لوگ آئیں گے۔ ہم ان پروگراموں کو ریکارڈ بھی کریں گے اور ان کو بعدازاں پراموشنل کے لئے استعمال کریں گے‘۔ ناظم سیاحت نے کہا کہ فیسٹول کے سلسلے میں ایک باضابطہ روٹ پلان کو بھی ترتیب دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا ’اس کے لئے ہم روٹ پلان بھی تربیت دیں گے۔ ہم سیاحوں کو بتائیں گے کہ انہیں پہلگام کے لئے کونسا راستہ اختیار کرنا چاہیے‘۔ یو اےن آئی
Comments are closed.