شملہ حادثہ : کولگام کے والٹینگو نارڈ گاوں میں رقعت آمیز مناظر
سری نگر، 5 دسمبر
شملہ میں پیش آئے سڑک حادثے میں کولگام کے والٹینگو نارڈ سے تعلق رکھنے والے چھ مزدور جاں بحق ہوئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایت پر ضلعی ترقیاتی کمشنر کولگام سمیت سینئر آفیسران نے علاقے کا دورہ کیا اور مہلوکین کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
اطلاعات کے مطابق شملہ میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں کولگام کے دور افتادہ گاوں والٹینگو نارڈ سے تعلق رکھنے والے چھ مزدور جاں بحق ہوئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ منگل کے روز مختلف سیاسی ، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے عہدیداروں نے علاقے کا دورہ کیا اور مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت پرسی کی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ چھ مقامی نوجوان مزدوری کی خاطر شملہ گئے ہوئے تھے لیکن حادثے میں ان کی موت واقع ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ مہلوکین گھر کے واحد کفیل تھے اور ان کے کنبے کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزاررہے ہیں۔
انہوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مہلوکین کے گھر والوں کو بھر پور معاوضہ فراہم کیا جائے۔ایل جی منوج سنہا کی ہدایت پر ضلعی ترقیاتی کمشنر کولگام ، تحصیلدار اور دوسرے سینئر آفیسران نے علاقے کا دورہ کیا اور لواحقین کویقین دلایا کہ ان کی ہر طرح سے مدد فراہم کی جائے گی۔
Comments are closed.