شوپیان:نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف ہڑتال،علاقے میں پُرتشدد مظاہرے ،ایک نوجوان زخمی

شوپیان:جنوبی ضلع شوپیان میں نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف پُر تشدد مظاہروں کے دوران فورسز کی کارروائی میں چھرے لگنے سے ایک نوجوان زخمی ہوا ۔اس دوران شوپیان میں ہڑتال سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے ۔

اطلاعات کے مطابق شبانہ چھاپوں کے دوران پولیس نے جنوبی ضلع شوپیان میں دو نوجوانوں کی گرفتار ی عمل میں لائی گئی ۔ معلوم ہوا کہ پولیس وفورسز نے دوران شب چھاپہ مار کارروائی کے دوران دو نوجوان گرفتار کئے گئے ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو سنگبازی کے الزام میں حراست میں لیا گیا ۔

اطلاعات کے مطابق قصبہ شوپیان میں دکانات بند رہیں جبکہ سڑکوں سے ٹریفک مکمل طور پر غائب رہا جسکی وجہ سے یہاں معمول کی سرگرمیاں ٹھپ رہی ۔ادھر اطلاعات کے مطابق بٹہ پورہ شوپیان میں اُس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب یہاں نوجوانوں نے گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔

تفصیلات کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ چھاپہ مار شبانہ کارروائی کے دوران دو نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف جمعرات کی صبح نوجوانوں نے سڑکوں پر نکل کر صدائے احتجاج کی ۔مظاہرین مطالبہ کرررہے تھے کہ گرفتار کئے نوجوانوں کو فور ی طور پر رہا کیا جائے ۔

اطلاعات کے مطابق نوجوان احتجاج کے دوران مشتعل ہوئے اور انہوں نے فورسز پر پتھراﺅ کرنا شروع کردیا جسکے ساتھ یہاں تشدد بھڑک اٹھا ۔فورسز نے مشتعل مظاہرین کو تتربتر کرنے کےلئے ٹیر گیس شلنگ کی اور چھروں والی بندوق کا استعمال کیا ۔

معلوم ہوا ہے کہ فورسز کارروائی میں ایک نوجوان چھرے لگنے سے شدید زخمی ہوا ،جسے علاج ومعالجہ کی خاطر سب ضلع اسپتال شوپیان منتقل کیا گیا۔

Comments are closed.