دسمبر کے پہلے ہفتے میں سرمائی تعطیلات متوقع

سری نگر،19نومبر

وادی کشمیر میں دسمبر کے پہلے ہفتے میں آٹھویں کلاس تک سرمائی تعطیلات متوقع ہے۔محکمہ تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ درجہ حرارت میں گراوٹ کے بیچ دسمبرکے پہلے ہفتے میں سرمائی تعطیلات کا اعلان ممکن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چونکہ نومبر کے آخر تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا جس کے پیش نظر دسمبر کے پہلے ہفتے میں آٹھویں جماعت تک سرمائی تعطیلات کا قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ 15دسمبر کے بعد ہائی اور ہائر سکنڈری اسکولوں میں بھی سرمائی تعطیلات کا اعلان متوقع ہے۔دریں اثنا عوامی حلقوں نے محکمہ تعلیم پر زور دیا ہے کہ وادی میں پڑنے والی کڑاکے کی ٹھنڈ کے پیش نظر اسکولی طلبا خصوصاً مڈل سے نیچے زیر تعلیم کمسن طلبا کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔

انہوں نے محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری آلوک کمار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نومبر کے آخر تک ہی سرمائی تعطیلات کا اعلان کریں تاکہ طلبا ٹھنڈ کے ساتھ ساتھ مختلف النوع امراض سے محفوظ رہ سکیں۔یو این آئی

Comments are closed.