چلہ خرد میں موسم بہار کا احساس

سرینگر :’چلہ خرد میں موسم بہار کا احساس ‘ہورہا ہے ،کیو نکہ وادی کشمیر میں موسمی تبدیلی کا بدلتا مزاج ہر ایک کو حیران کر رہا ہے ۔ماہ ِ فروری میں گرم دن اور سرد ترین راتوں نے اہلیان کشمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ،وہیں ماہرین ِ موسمیات موسمی تبدیلی پر خدشات اور تحفظات کا اظہار کررہے ہیں ۔

وادی کشمیر میں موسمی تبدیلی کے باعث دن کے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔دن میں کھلی دھوپ اور درجہ حرارت میں اضافہ ہونے سے اہلیان کشمیر کو چلہ خرد میں موسم ِ بہار کا احساس ہو رہا ہے ۔تاہم وادی بھر میں رات کا درجہ حرارت اب بھی نقطہ انجماد سے نیچے ہی ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے درجہ حرارت کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سوموار کے روز سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت14.1ڈگری ریکارڈ جبکہ جموں میں یہ درجہ حرارت21.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں مزید بہتری کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں کم ازکم درجہ حرارت منفی3.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ جموں میں رات کا درجہ حرارت6.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ خطہ لداخ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہی ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کرگل میں رات کا درجہ حرارت منفی 15ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ لہیہ میں کم از کم درجہ حرارت منفی8.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم ازکم درجہ حرارت منفی7.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ صحت افزاءمقام پہلگام میں یہ درجہ حرارت منفی4.7ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان میں کٹرا میں کم از کم درجہ حرارت 6.8ڈگری ،بانہال میں 0.3ڈگری ،بھدرواہ میں 1.9ڈگری اور ادھمپور میں 3ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعرات تک موسمی صورتحال جوں کی توں رہے گی جبکہ درجہ حرارت میں مزید بہتری کا امکان ہے ۔

Comments are closed.