پسیاں گرآنے سے سرینگر ،جموں شاہرا ہ پر ٹریفک کی روانی متاثر
سرینگر:سرینگر ۔جموں شاہراہ پر منگلوار کی صبح اُس وقت ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جب مگر کوٹ کے مقام پر اچانک پسیاں گر آئیں جسکی وجہ سے سینکڑوں گاڑیاں شاہراہ پر درماندہ ہو کر رہ گئیں ۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہ پر پسیاں اور چٹانیں کھسک آنے کے باعث احتیاطی طور پر ٹریفک کی آوا جاہی کو روک دیا گیا ۔
اطلاعات کے مطابق پیر پنچال پہاڑی سلسلے کو چیرتی ہوئی سرینگر ۔جموں شاہراہ پر مگر کوٹ کے مقام منگلوار کی صبح8بجکر 20منٹ پسیاں گر آئیں جسکی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی آوا جاہی کو روک دیا گیا ۔عینی شاہدین نے اِس منظر کو موبائیل فون میں عکس بند کیا ۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ مگر کوٹ رامسو کے مقام پر پہاڑی کا ایک حصہ اچانک گر نے لگا اور سارا ملبہ سرینگر ۔جموں شاہراہ پر گر آیا ۔شاہراہ پر رکاوٹیں پیدا ہوئیں جسکی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت متاثر ہوئی ۔
ٹریفک حکام کے مطابق شاہراہ پر پسیاں اور چٹانیں کھسک آنے کے باعث احتیاطی طور پر ٹریفک کی آوا جاہی کو روک دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی تجدید ومرمت اور بحالی کا کام انجام دےنے والی تعمیراتی ایجنسی نے شاہراہ سے رکاوٹیں آنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور ہری جھنڈی ملنے کے ساتھ ہی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال کردی جائیگی ۔
Comments are closed.