عالمی یوم سیاحت: میں سیاحوں کو جموں وکشمیر کی سیر کرنے کی دعوت دیتا ہوں: منوج سنہا
سرینگر، 27ستمبر
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز عالمی یوم سیاحت کے موقع پر سیاحوں کو جموں وکشمیر کی سیر پر آنے کی دعوت دی۔انہوں نے سیاحوں سے کہا کہ وہ آکر یہاں کے دلکش مناظر اور پکوان کے خزانوں سے محظوظ ہوجائیں۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کیا۔
انہوں نے کہا: ‘عالمی یوم سیاحت کے موقع میں آپ سب کو جموں وکشمیر کی سیر کرنے کی دعوت دیتا ہوں جو بھارت کا تاج ہے’۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا: ‘جموں وکشمیر آکر یہاں کے دلکش نظاروں، پکوان کے خزانوں، شاندار ثقافت اور یہاں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوجائیں’۔سرکاری ذرائع کے مطابق رواں سال کے 31 اگست تک ایک کروڑ 52 لاکھ سیاح جموں وکشمیر کے سیاحتی مقامات کے دلفریب نظاروں سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ ایک کروڑ 88 لاکھ سیاح یہاں آئے جبکہ امسال یہ تعداد 2 کرووڑ سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
محکمہ سیاحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سری نگر میں رواں سال کے ماہ مئی میں منعقدہ جی ٹونٹی ٹورزم اجلاس کے باعث غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں 59 فیصد اضافہ درج ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں جہاں نئے سیاحتی مقامات کو منظر نامے پر لایا جا رہا ہے وہیں سیاحوں کے لئے تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے انفرا سٹرکچر کو دستیاب رکھا جا رہا ہے۔بتادیں کہ دنیا میں 27 ستمبر کو عالمی یوم سیاحت کے بطور منایا جاتا ہے۔ یو این آئی
Comments are closed.