مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کے بعد پونچھ میں کنٹترول لائن کے نزدیک تلاشی آپریشن شروع

جموں، مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ایل او سی پر تعینات فورسز اہلکاروں نے مشتبہ ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت کا پتہ لگایا جو اس طرف گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز مشتبہ ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج نے پونچھ کے ساوجیاں سیکٹر میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی صبح ایل او سی پر تعینات اہلکاروں نے مشتبہ ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ کا پتہ لگایا جو بھارتی حدود میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق فوج نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔دفاعی ذرائع نے ایل او سی کے نزدیک جنگلی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چند دراندازوں کو ایل او سی کے نزدیک دیکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فورسز کی اضافی کمک کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔یہ رپورٹ فائل کرنے تک ایل او سی کے نزدیک کئی علاقوں میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

یو این آئ

Comments are closed.