پٹن میں لٹیرا گرفتار

سرینگر:پٹن پولیس نے ڈرامائی کارروائی کے دوران اے ٹی ایمز پر سادہ لوح لوگوںکے ساتھ جعلسازی کرکے ان کے بنک کھاتوں سے رقومات نکالنے والے ایک لٹیرے کو گرفتار کرلیا۔پولیس ذرائع نے کے ایم این کو بتایا کہ محمد اسداللہ پرے ولد محمد جمال پرے ساکن ژوکر پٹن نامی شہری نے پولیس تھانہ پٹن میں اس بات کی تحریری شکایت درج کرائی کہ وہ جمعہ کو پٹن میں سٹیٹ بنک آف انڈیا کے اے ٹی ایم پر رقم نکالنے کےلئے گیا تھا جہاں ایک نوجوان نے رقم نکالنے میں مدد کرنے کی آڑ میں اسکے ساتھ دھوکہ کیااور فراڈ طریقے سے اس کا اے ٹی ایم کارڈ حاصل کرکے اسکے کھاتے سے 16800روپے کی رقم نکالی۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ اے ٹی ایم کی سی سی ٹی وی فوٹیج کاجائزہ لیااور دیگر معلومات حاصل کرکے مجرم تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت ہونے کے بعد ایس ایچ او پٹن محمد سلیم کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم نے جہانگیر کوایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا ۔اس کا نام جہانگیر احمد نجارولد اسداللہ ساکن کھاگ خانپورہ بڈگام بتایاگیا ہے اور اس کی تحویل سے اے ٹی ایم سے نکالی گئی رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔پولیس ذرائع نے کے ایم ا ین کو بتایا کہ دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ جہانگیر احمد مختلف اے ٹی ایمز کے باہر مشین کے استعمال سے ناواقف گاہکوں کا انتظار کرتا تھا اور رقومات نکالنے کے بعد بڑی چالاکی سے ان کا اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کرکے پن نمبر یاد رکھتا تھا اور بعد میں اس کا استعمال کرکے رقومات نکالتا تھا۔ملزم نے پوچھ تاچھ کے دوران مدد فراہم کرنے کی آڑ میں مذکورہ شہری کا اے ٹی ایم کارڈ حاصل کرکے رقم نکالی۔پولیس اُس سے پوچھ تاچھ کررہی ہے اور ایسے مزید معاملات سامنے آنے کی توقع ہے۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پٹن میں ایف آئی آر زیر نمبر27/2018درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔

Comments are closed.