رفیع آباد بارہمولہ آتشزدگی ، معمر خاتون زندہ جھلس کر لقمہ اجل

سرینگر/رفیع آباد بارہمولہ کے ایک گاﺅں میں آتشزدگی کی ایک بھیانک اور دلخراش واردات کے دوران ایک رہائشی مکان خاکستر اور اس میں موجود ایک65سالہ معمر خاتون زندہ جھلس کر لقمہ اجل بن گئی۔ادھر سوپور میں ایک چار سالہ معصوم بچہ نالے میں ڈوب کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ بارہمولہ سے کشمیر میڈیا نیٹ ورک نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے لری آنگن رفیع آباد نامی گاﺅںمیں ہفتے کی صبح پونے دس بجے کے قریب غلام حسن خان ولد شیر ولی کا رہائشی مکان اچانک خوفناک آگ کی لپیٹ میں آگیا ۔آگ نے انتہائی تیزی کے ساتھ پھیل کر پورے ڈھانچے کو آنا ً فاناً اپنی لپیٹ میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کا اس جگہ تک پہنچنے کےلئے کوئی راستہ نہیں ہے جس کے پیش نظر مقامی لوگوں نے گھروں سے باہر آکر آگ بجھانے کی کوشش کی۔یہ رہائشی مکان چونکہ زیادہ تر لکڑی کا بنا ہوا تھا، لہٰذاآگ پھیلنے میں زیادہ دیر نہیں لگی اور اس نے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لیکر خاکستر کردیا۔ پانی دستیاب نہ ہونے کے باعث مقامی لوگوں کو آگ پر قابو پانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کے ایم این نمائندے نے مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آگ نمودار ہوتے ہی علاقے میں چیخ و پکار کی آوازیں بھی سنی گئیں ۔اسی اثناءمیں مکان کے مکین باہر آگئے، تاہم آگ کے شعلے اس قدر تیزی کے ساتھ پھیل گئے کہ مکان میں موجود مالک مکان کی65سالہ والدہ بیگم جان کو خود کو بچانے کا موقعہ بھی فراہم نہیں ہوا اوروہ زندہ جل کر موت کی ابدی نیند سوگئی۔لوگوں نے اگر چہ اسے بچانے کی از حد کوشش کی تاہم آگ کی ہولناک لپٹوں نے انہیں نزدیک نہیں آنے دیا۔ مذکورہ خاتون کی مسخ شدہ لاش آگ پر قابو پانے کے بعد برآمد کی گئی جس کے نتیجے میںعلاقے میں صف ماتم بچھ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میںمکمل چھان بین کے بعد ہی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔ادھر کے ایم ا ین نمائندے نے سوپور سے اطلاع دی ہے کہ قصبہ کے آرمپورہ علاقے میں جمعہ بعد دوپہر اُس وقت کہرام مچ گیا جب ایک کمسن بچہ نالے میں گر کر لقمہ اجل بن گیا۔نمائندے کے مطابق4سالہ حاذق نبی ولد غلام نبی گنائی ساکن آرمپورہ حادثاتی طور نالے میں جاگرا ۔کچھ دیر بعد اسے بیہوشی کی حالت میں برآمد کرکے سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔اس واقعہ سے علاقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔

Comments are closed.