پی ڈی پی افسپا منسوخی کے وعدے سے بھی منحرف ہوگئی: ڈاکٹر فاروق عبداللہ
سرینگر//ریاست خصوصاً وادی میں حالات بدلنے کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہلاکتوں اور خون خرابے کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہئے کیونکہ ایسے حالات میں ریاست کے خوشگوار اور ترقی پذیر مستقبل کیلئے سم قاتل ہیں۔
کشمیری قوم امن چاہتے ہے، ترقی چاہتے ہیں، عزت و وقار کی زندگی گزارنے کے خواہاں رہے ہیں، اس مقصد کیلئے کشمیریوں نے عظیم مالی اور جانی قربانیاں دیں ہیں اور آج بھی دے رہے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے آج گنڈ کنگن میں کارکنوں اور عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شوپیان میں پیش آئے تازہ سانحات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات میں کمسن طلباءو طالبات جان بحق ہوئے ہیں، مجھے اُمید ہے کہ قصور وار اہلکاروں کو قانون کے کٹھرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کی طرف سے افسپا نہ ہٹانے کے ریمارکس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس نے کہا کہ اگرچہ ایجنڈا آف الائنس میں پی ڈی پی نے افسپا ہٹانے کا وعدہ بھی کیا تھا لیکن کل محبوبہ مفتی نے اس وعدے کو بھی بالائے طاق رکھ کر افسپا کو جاری رکھنے پر مہر ثبت کردی۔
پی ڈی پی اپنا اقتدار بچانے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے اور اس جماعت سے افسپا ہٹانے کی اُمید بھی نہیں رکھنی چاہئے کیونکہ یہ کالا قانون اس جماعت کے بانی مرحوم مفتی محمد سعید نے بذات خود یہاں لاگو کیا تھا۔حالات کو پنچایتی انتخابات کیلئے غیر موزون قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگر پی ڈی پی سرکار گذشتہ 2سال سے اننت ناگ پارلیمانی نشست کے ضمنی انتخابات منعقد کرانے سے قاصر ہے تو پھر پنچایتی انتخابات کا انعقاد ہونا کیسے ممکن ہے؟ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ایسے حالات پنچایتی انتخابات کا انعقاد کروانا بہت سارے سوالات کھڑا کرتے ہیں اور ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ان انتخابات میں دھاندلی کرکے جمہوریت کی دھجیاں اُڑا دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے اسمبلی میں شوپیان اور پنچایتی انتخابات پر جو بیان دیا ہے ، وہی میرا اور پارٹی کا بھی موقف ہے۔ مقامی نوجوانوں نے ڈاکٹر صاحب کو بتایا کہ زوجیلا ٹنل پر جاری کام کیلئے باہر سے مزدور لاکر ہمارے حقوق پر شب خون مارا جارہاہے۔ یہاں کے بے روزگار نوجوانوں کو اُمید تھی کہ زوجیلا ٹنل پر کام شروع ہونے سے اُنہیں روزگار ملے گا لیکن باہر سے مزدور لاکر اُن کی اُمیدوں پر پھیر دیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ یہ معاملہ متعلقہ مرکزی وزارت اور وزیر کیساتھ اُٹھائیں گے۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے سینئر لیڈر اور مقامی ایم ایل اے میاں الطاف احمد اور پارٹی لیڈر تنویر صادق بھی تھے۔ اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے سینئر رکن اور تحریک کشمیر کے جانباز سپاہی مرحوم حاجی شیخ محمد یوسف کے گھرجاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ اس موقعے پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے گئے۔
Comments are closed.