عمر عبداللہ جلتی پر تیل ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں: نرمل سنگھ
جموں، 2 فروری :جموں وکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے قانون ساز اسمبلی میں کی گئی تقریر پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلتی پر تیل ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر عبداللہ بھارتی عوام کے منڈیٹ (بی جے پی حکومتوں) کی توہین کررہے ہیں۔ ڈاکٹر نرمل جو کہ بی جے پی ایک سینئر لیڈر ہیں، نے جمعہ کو یہاں اسمبلی کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’میں عمر صاحب کے بیان سے بے حد مایوس ہوا ہوں۔ میں عمر عبداللہ کی بہت عزت کرتا ہوں۔ لیکن جس طرح سے انہوں نے ایوان میں شیطان اور کسی دوسرے شخص کی کہانی سنائی ، انہوں نے اس کے ذریعے ریاستی اور مرکزی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے بھارتی عوام کے منڈیٹ کی توہین کی ہے۔ اس کو نیچا دکھانے کی کوشش کی ہے‘۔ انہوں نے کہا ’ایک ایسا سابق وزیر اعلیٰ جو مرکز میں وزیر بھی رہ چکا ہو، کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیں ۔ بہت افسوس ہوا ہے۔ میرے دماغ میں عمر صاحب کی جو تصویر تھی، اس میں فرق آئی ہے‘۔ نائب وزیر اعلیٰ نے عمر عبداللہ کی طرف سے انسانی ڈھال کے معاملے میں ریاستی حکومت کو لگائی گئی پھٹکار پر کہا ’یہ جلتی پر آگ لگانے کی کوشش ہے۔ اس کی نام نہاد مین اسٹریم سیاسی جماعتوں سے توقع نہیں کی گئی تھی۔ وہ صورتحال کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ عسکریت پسندوں کی جانب سے بے گناہ لوگ مارے جارہے ہیں۔ پاکستانی فائرنگ سے مارے جارہے ہیں۔ وہ اپنے منڈیٹ کی توہین کررہے ہیں‘۔ یو اےن آئی
Comments are closed.