جموں وکشمیر اسمبلی میں ’آزادی کے معاملے‘ پر این سی اور بی جے پی اراکین کے مابین لفظی تکرار
جموں، یکم فروری (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں جمعرات کو اپوزیشن نیشنل کانفرنس اور حکمران جماعت بی جے پی کے اراکین کے درمیان ’آزادی کے معاملے‘ پر شدید ہنگامہ آرائی اور لفظی جنگ دیکھنے میں آئی۔ بی جے پی رکن اسمبلی و ریاستی صدر ست شرما کرسی سے اٹھ کھڑا ہوئے اور کہا کہ این سی رکن اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا ایوان میں اپنی حالیہ غلطی پر معافی مانگے۔ انہوں نے کہا ’جاوید رانا نے حال ہی میں اپنے حلقہ انتخاب مینڈھر میں نہ صرف آزادی کے حق میں لگنے والے نعروں کی حمایت کی بلکہ ان نعروں پر تالیاں بھی بجائیں‘۔ تاہم مسٹر رانا نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی بیلٹوں میں رہائش پذیر لوگ جنہیں پاکستان کی طرف سے آئے روز جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، حقیقی قوم پرست ہیں۔ انہوں نے کہا ’راجوری اور پونچھ کے لوگ ہر ایک قومی تقریب میں پورے جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کرتے ہیں۔ لیکن ریاست میں ایسی طاقتیں ہیں جو یہاں پائی جانے والی ہم آہنگی کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں‘۔ جاوید رانا نے کہا کہ نیشن کو تقسیم کرنے کا ماحول تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ’مجھے خوشی ہے کہ ہم ایک سیکولر دیش کے رہائشی ہیں۔ اس دیش کی آزادی کے لئے ہمارے اباءواجداد نے قربانیاں دی ہیں۔ بے روزگاری، پریشانی اور جنگ کا ماحول ہونے کے باوجود پیر پنچال کے لوگوں نے دیش کے جھنڈے کو جھکنے نہیں دیا۔ میں اس کے لئے پیر پنچال کے لوگوں کو بلالحاظ مذہب و ملت سلام پیش کرتا ہوں۔ پورا دیش پیر پنچال کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’کچھ لوگ یوم جمہوریہ کے دن امتیازی سلوک کے معاملے پر حکومت کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ لیکن اس احتجاج کو ایک الگ ہی رنگ دینے کی کوششیں ہورہی ہیں‘۔ انہوں نے کہا ’آپ 1947، 1965 اور 1971 میں کہاں تھے؟ سرحدی بیلٹوں کے لوگ تب نیشن کے ساتھ کھڑے تھے‘۔ تاہم این سی ایم ایل اے الطاف کلو نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم جموں وکشمیر میں بی جے پی سے آزادی چاہتے ہیں‘۔ اس دوران بی جے پی ممبران نے شور شرابہ کرتے ہوئے این سی ممبران کو ’اینٹی نیشنل‘ قرار دیتے ہوئے کہا ’دیش کے غدار ہو آپ‘۔ این سی کے اور ممبر اسمبلی دیویندر سنگھ رانا نے کہا ’بی جے پی نے جموں وکشمیر بالخصوص جموں کے لوگوں کو مایوس کردیا ہے۔ ان لوگوں نے انہیں اپنی خواہشات پوری کرنے کے لئے چنا تھا‘۔ انہوں نے کہا ’آپ (بی جے پی) کے تمام انتخابی نعرے کھوکھلے تھے۔ آپ نے ووٹوں کے لئے جموں کے لوگوں کو بیوقوف بنایا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’ہم اصل ہندوستانی ہیں۔ آپ اینٹی نیشنل ہیں‘۔ یو اےن آئی
Comments are closed.