امرناتھ یاترا ٹریک پر مرمتی کام 15 جون سے پہلے مکمل کیا جائے گا: بی آر او

سرینگر،03جون

بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) کا کہنا ہے کہ امرناتھ یاترا ٹریک پر مرمتی کام 15 جون سے پہلے ہی مکمل کیا جائے گا۔جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔

سری نگر میں مقیم ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ بی آر او کے دائرہ کار میں برف ہٹانا، ٹریک کی کشادگی،فٹ برجوں کی بحالی،ٹوٹی ہوئی دیواروں کی تعمیر نو وغیرہ شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ بالتل سے پوتر گھپا تک کے ٹریک کی دیکھ بھال اس سے قبل محکمہ تعمیرات عامہ جموں و کشمیر نے کی تھی اور چندن واری سے پوتر گھپا تک کی دیکھ بھال پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں ٹریک پچھلے سال ماہ ستمبر میں دیکھ بھال اور اپ گریڈیشن کے لیے بی آر او کے حوالے کیے گئے تھے۔بیان میں کہا گیا کہ بی آر او شری امر ناتھ یاترا ٹریک کی مرمت کا کام 15 جون سے پہلے مکمل کرے گا۔

اس دوران ڈی جی بی آر لیفٹیننٹ جنرل راجیو چودری نے بالتل اور چندن واڑی کا دورہ کرکے دونوں یاترا راستوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ آج یہاں ببار امرناتھ جی کی پہلی پوجا کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) نے وادی کے اندر کافی اچھا کام کیا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل نے کہا کہ سال گذشتہ یونین ٹریٹری حکومت نے دونوں یاترا راستوں کے رکھ رکھاﺅ اور دیکھ بھال کی ذمہ داری بی آر او کو سونپی ہے کیونکہ یاتریوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ درج ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ 3 لاکھ 65 ہزار یاتریوں نے شری امرناتھ مندر کی یاترا کی جن میں سے 45 فیصد یاتریوں نے بالتل کے راستے سے جبکہ 55 فیصد پہلگام کے راستے سے یاترا کی۔ان کا کہنا تھا کہ اس سال 5 لاکھ یاتریوں کے آنے کی توقع ہے۔

موصوف ڈی جی نے کہا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے یاترا کے لئے بھر پور انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اور یو ٹی انتظامیہ نے بھی ہمیں راستوں کی دیکھ ریکھ کرنے کی ہدایت دی ہے۔یو این آئی

Comments are closed.