جموںوکشمیر میں صورتحال کنٹرول میں ہے ؍امت شاہ : صورتحال پر مرکز کی کڑی نگاہ ؍ تین ماہ کے حالات پر تجزیہ نہیں کیا جاسکتا ہے ؍ زیر تفتیش آفیسر کے اعزاز کا دفاع کیا

سرینگر؍26مئی ؍ الفا نیوز سروس ؍ بھاجپا کے قومی صدر امت شاہ نے آج واضح کر دیا کہ بھاجپا کشمیر مسئلے کا حل نکال کر ہی رہے گی ار بہت جلد امن لوٹ آئیگا۔اس دوران امت شاہ کا کہنا تھا کہ جموںوکشمیر میں صورتحال پوری طرح سے کنٹرول میں ہے کیونکہ 1989سے خراب حالات کو محض تین ماہ کے اندر خراب حالات سے تباہ کن قرار نہیں دیاجاسکتا ہے ۔امت شاہ نے فوجی آفسیر کو اعزاز دیئے جانے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ آفیسر نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرکے کئی افراد کی جانیں بچائیں ۔ الفا نیوز سروس کے مطابق کشمیر میں بہت جلد امن لوٹ آنے کااشارہ دیتے ہوئے بھاجپا کے قومی صدر امت شاہ نے کہا کہ کشمیر میں حالات آج ہی خراب نہیں ہوئے ہیں اور نہ ہی پچھلے دو تین مہینے سے خراب ہیں بلکہ سال 1989سے ہی کشمیر میں حالات بدلتے رہے ہیں ،کبھی حالات بہت زیادہ خراب رہے ہیں تو پھر حالات بہت پر سکون بھی رہے لیکن اسکے بعد پھر حالات خراب ہو گئے اور پھر ٹھیک ہوگئے ۔چنانچہ پچھلے پچیس برس سے یہ حالات اچھے اور برے ہو جاتے ہیں لہذا کسی کو کشمیر کے حوالے سے زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ جب جب بھی حالات خراب ہوگئے تو سیکورٹی فورسز نے حالات کو کنٹرول میںرکھنے کی ہر ممکن کوشش کی اور آج ایک مرتبہ پھر حالات خراب ہوگئے جس کے بعد اب پھر ٹھیک ہونگے اور مجھے یقین ہے کہ حالات کشمیر میں بہت جلد ٹھیک ہونگے اور امن لوٹ آئیگا ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کی صورتحال پر باریک بینی سے نگاہ رکھی جارہی ہے اور اس سلسلے میں کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے تاکہ کسی بھی طرح سے حالات کو کنٹرول سے باہر ہونے نہ دیا جائے ۔انہوںنے اس بات کو واضح کر دیا کہ کشمیر میں بہت جلد حالات بہتر ہونگے اور اکثریت عوامی کی امن کی طرفدار ہے لہذا کسی بھی اعتبار سے گھبرانے والی بات نہیں ہے ۔ الفا نیوز سروس کے مطابق امت شاہ نے کہا کہ مرکزی حکومت پر امید ہے کہ کشمیر میں حالات کو قابو میں رکھا جائیگا اور اس سلسلے میں سیکورٹی فورسز کیساتھ مل کر حالات کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ وزیراعظم مودی کی سربراہی والی حکومت کے تین برس مکمل ہونے پر ایک پریس کانفرنس کے دوران امت شاہ نے مزید کہا کہ میں پورے دیش کو یقین دلاتا ہوں کہ کشمیر میں امن بہت جلد لوٹ آئیگا ۔ بھاجپا قومی صدر امت شاہ نے مزید کہا کہ کشمیر میں امن دشمن عناصر موجود ہیں اوران کی سرکوبی کیلئے کوششیں تیز کی جارہی ہیں ۔ امت شاہ کا کہناتھا کہ حالات اس حد تک خراب نہیں ہوئے ہیں کہ واپس لوٹ نہیں آئیں گے تاہم انہوںنے کہاکہ کئی بار یہ تجربات کئے گئے ہیںجس میں حالات کو خراب ہونے کے بعد پھر معمول پر لایا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت نے پورے جموںوکشمیر کی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی ہوئی ہے اور بہت جلد اس معاملے پر کوئی پیش رفت کیجائیگی ۔انہوںنے کہا کہ بھاجپا مسئلہ کشمیر کا حل نکال کر رہیگی کیونکہ ہم نے ہر مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی ہے اور اب کی با ر اس کی تلاش بھی مکمل کر لی جائیگی ۔کشمیر میںزیر تفتیش فوجی آفیسر کی عزت افزائی کا دفاع کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ مذکورہ فوجی آفیسر کے خلاف الزام تراشی بے سود ہے کیونکہ اس نے ایسا کام کرلیا جو محض ایک قابل اور حاضر دماغ آفیسر ہی کر سکتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ان کی اس حاضر دماغی کی وجہ سے کئی ایک انسانی جانیں جن میںالیکشن عملہ شامل ہے بچ گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جن حالات میں وہ پھنس گئے تھے ان میں سے کسی بھی جانی نقصان کے بغیر نکلنا اس اقدام کے بغیر ممکن نہیں تھا ۔انہوںنے کہا کہ لیفٹنٹ کرنل نے گاڑی کیساتھ نوجوان کو باندھ کر کوئی جرم نہیں کیا ہے بلکہ انہوںنے اسے ایک طریقہ کار کے طور پر انجام دیا ہے جس میںان نوجوان کو بھی بحافظت رہا کر دیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس کا اعزاز حکومت نے نہیں بلکہ فوج نے دیا ہے اور فوج کے اندر ایک طریقہ کار موجود ہے ۔جس کے تحت اس کو ایواڑفراہم کیا گیا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں سبھی لوگوں کو حالات بہتر بنانے کی کوشش کرناہوگی کیونکہ مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر تباہی کے طرفدار ہیں لہذا جتنی جلدی ہوسکے اکژیت کو سامنے آنا ہوگا تاکہ صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔انہوںنے کہا کہ خراب حالات کی وجہ سے کشمیر میں تعمیر وترقی کی رفتار رک گئی ہے لہذا اس رفتار کو دوبارہ شروع کرنے کیلئے امن کی گاڑی کو پٹری پر لانا ہی ہوگا ۔امت شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں این ڈی اے حکومت نے کافی سارے کام کئے ہیںجس میںکچھ ایک اہم اقدامات ہیں جن سے ملک کی ترقی نے اڑان بھری ہے ۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کشمیر میں خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں اور کشمیر میں ترقی اور امن ان کا بنیادی ایجنڈا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کشمیر میں ٹنل کا افتتاح کیا اور اسی ہزار کروڑ کے پیکیج کا بھی اعلان کیا ہے جس سے یہ صاف ہورہا ہے کہ وہ کشمیر کے حوالے سے کہاں تک حساس ہیں تاہم کشمیری عوام کی اکثریت کو اب امن دشمنوں کیخلاف صف آرا ہونا ہوگا ۔

Comments are closed.