کشمیر میں رام نومی کا تہوار جوش و خروش سے منایا گیا، شوبا یاترا بھی بر آمد

سرینگر/ 30 مارچ
ملک کے مختلف حصوں کی طرح وادی کشمیر میں بھی جمعرات کو رام نومی کا پر مسرت تہوار انتہائی تزک و احتشام اور مذہبی جوش وخروش سے منایا گیا۔اس موقع پر وادی بھر کے مندروں میں عقیدت مندوں کا دن بھر تانتا بندھا رہا اور انہوں نے پوجا پاٹ کی تقریبوں میں شرکت کی۔
تہوار کے سلسلے میں حسب روایت گنپت یار ٹینکی پورہ مندر سے شوبا یاترا شروع ہوئی جو سری نگر کے مختلف علقوں جیسے حبہ کدل، بر بر شاہ سے ہوتے ہوئے لالچوک پہنچی اور جہانگیر چوک سے ہوتے ہوئے واپس ٹینکی پورہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔یاترا میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں کشمیری پنڈتوں کے علاوہ غیر مقامی عقیدت مند بھی شامل تھے۔عقیدت مند ڈھال بجاتے تھے اور بھجن گاتے ہوتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے۔ایک عقیدت مند نے یو این آئی کو بتایا کہ آج بھگوان شری رام کا جنم دن ہے جو بہت ہی بڑا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے ٹینکی پورہ سے حسب روایت شوبا یاترا نکالی گئی گئی جو سری نگر کے مختلف علاقوں سے گذرتے ہوئے تاریخی لالچوک بھی پہنچے گی اور پھر واپس ٹینکی پورہ پہنچے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد یہاں ٹینکی پورہ میں پوجا پاٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔موصوف عقیدت مند نے کہا کہ مقامی لوگوں نے اس یاترا کے لئے بھر پور سپورٹ کیا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے بھی یاترا کے لئے بھر پور انتظامات کئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ بڑے دن کے موقعے پر ملک اور وادی کی خوشحالی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور امن و سکون اور آپسی بھائی چارے کے لئے بھی دعائیں مانگی گئیں۔
ایک غیر مقامی عقیدت مند نے کہا کہ اس یاترا میں شرکت کرکے بہت ہی سکون ملا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھائی چارہ پہلے ہی قائم ہے اور اس یاترا میں لوگوں نے بلا لحاظ مذہب شرکت کی۔ایک غیر مقامی خاتون عقیدت مند نے کہا کہ میں شوبا یاترا میں حصہ لینے کے لیے کشمیر آتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں شوبا یاترا میں شرکت کرنے کا کچھ الگ ہی سکون ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں باقی لوگوں سے بھی کہتی ہوں کہ وہ یہاں آکر شوبا یاترا میں شرکت کریں اور یہاں کا بھائی چارہ اور آپسی محبت اور پیار دیکھیں۔دریں اثنا جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے رام نومی کے پر مسرت موقع پر لوگوں کو مبارک باد دی ہے۔بتادیں کہ رام نومی ہندو برادری کے سب سے بڑے تہواروں میں سے ایک اہم تہوار ہے جو بھگوان شیو کے ساتویں اوتار بھگوان رام کے یوم پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔یو این آئی

Comments are closed.