بانڈی پورہ میں جنگجوﺅں کو پناہ دینے کے الزام میں دو رہائشی مکان قرق/پولیس

سرینگر/ 20مارچ
جموں وکشمیر پولیس نے پیر کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں جنگجوﺅں کو پناہ دینے کے الزام میں دو رہائشی مکانوں کو قرق کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے بانڈی پورہ کے گنڈ پورہ- رام پورہ اور چٹی بانڈے گاﺅں میں جنگجوﺅں کو پناہ دینے کے پاداش میں ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں دو رہائشی مکانوں کو قرق کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ گنڈ پورہ – رام پورہ میں ملزم اعجاز احمد ریشی عرف ڈاکٹر کے والد عبدالمجید ریشی کے نام رجسٹر دو منزلہ مکان کو قرق کیا گیا جس کے خلاف پولیس اسٹیشن ارا گام میں ایک ایف آئی آر درج ہے جبکہ چٹی بانڈے میں ملزم مقبول احمد ملک کے والد محمد جمال ملک کے نام درج مکان کو قرق کیا گیا جس کے خلاف بھی پولیس اسٹیشن ارا گام میں ایک ایف آئی آر درج ہے۔بیان میں کہا گیا:
‘یہ بات قابل ذکر ہے کہ دونوں ملزم جنگجو معاونین تھے اور دونوں کو پہلے ہی گرفتار کیا گیا تھا’۔بیان کے مطابق مذکورہ ملزموں کی جائیدادوں کو منسلک کرنے کا عمل یو اے (پی) ایکٹ 25 کے تحت بحکم صوبائی کمشنر کشمیر شروع کیا گیا۔نوٹس کے مطابق مکان مالکان پر اتھارٹی کی اجازت کے بغیر مکانوں کی منتقلی یا ان کو لیز پر دینے، بیچنے، ان کی نوعیت کو تبدیل کرنے یا ان کو کسی بھی طریقے سے ڈیل کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔یو این آئی

Comments are closed.