ڈی آئی جی جنوبی کشمیر کا دورہ اونتی پورہ ، ترال میں تفریحی ہال کا کیا افتتاح
سرینگر /23فروری /
انسداد عسکریت پسندی آپریشن اور امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے دوران لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا چاہیے پر زور دیتے ہوئے ڈی آئی جی جنوبی کشمیر رئیس محمد بٹ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ امن دشمن عناصر کی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے مزید لگن کے ساتھ کام کریں۔
سی این آئی کے مطابق ڈی آئی جی جنوبی کشمےر رئیس محمد بٹ نے پولیس ڈویژن اونتی پورہ کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے ترال میں تفریحی ہال کا افتتاح اور جے آئی سی کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی کشمیر رینج نے ایس ایس پی اونتی پورہ محمد یوسف کے ہمراہ ترال میں تفریحی ہال کا افتتاح کیا۔تفریحی ہال کا افتتاح کرنے کے بعد ڈی آئی جی نے پی سی ترال کے جوانوں کے ساتھ دربار منعقد کیا،
دربار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایس کے آر نے جوانوں اور افسران کو اپنے فرائض پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ عوام کا اعتماد حاصل کریں۔
انہوں نے افسران اور جوانوں کو بھی تلقین کی کہ وہ مخلصانہ کوششوں کے ساتھ اچھا کام کرتے رہیں اور فرائض کی انجام دہی کے دوران چوکس رہیں۔
بعد ازاں ڈی آئی جی نے جے آئی سی اونتی پورہ کا دورہ کرکے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور جے آئی سی میں ریکارڈ کا معائنہ کیا اور جدید تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے ریکارڈ بنانے کے حوالے سے ہدایات دیں۔
انہوں نے افسران سے کہا انسداد عسکریت پسندی آپریشن اور امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے دوران لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ امن دشمن عناصر کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مزید لگن کے ساتھ کام کریں۔
Comments are closed.