یو م جمہوریہ کے پیش نظر سری نگر میں جگہ جگہ جامہ تلاشیاں، سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات

سرینگر/09 جنوری یوم جمہوریہ کے پیش نظر وادی کشمیر میں بالعموم جبکہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں بالخصوص سیکورٹی فورسز کی جانب سے چوکسی بڑھانے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشی لینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ شہر سری نگر کے قلب لالچوک میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے راہگیروں اور مسافروں کی جامہ تلاشی کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جس دوران لوگوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے تھے۔اطلاعات کے مطابق پیر کے روز سیکورٹی فورسز نے سری نگر میں مختلف مقامات بالخصوص سیول لائنز میں متعدد جگہوں پر ناکے بٹھائے ہیں جہاں گاڑیوں اور ان میں سوار مسافروں کی تلاشی لی جارہی ہے۔یو این آئی کے ایک نامہ نگار جس نے پیر کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے مختلف مقامات بالخصوص لالچوک ،ایم اے روڑ، قمرواری، عیدگاہ، سکہ ڈافر، کاکہ سرائے، بڈشاہ چوک، پارمپورہ اور منور آبامیں چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان چیک پوائنٹس پر تعینات سیکورٹی فورس اہلکار گاڑیوں بالخصوص دو پہیہ موٹر گاڑیوں (موٹر سائیکلوں) کی تلاشی لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں سوار افراد کے شناختی کارڈ چیک کئے جارہے ہیں۔ نامہ نگار نے بتایا کہ بعض ناکوں پر سراغ رساں کتوں کی مدد سے گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے مختلف اضلاع کو سری نگر سے جوڑنے والی سڑکوں پر بھی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ان ناکوں پر بالخصوص موٹر سائیکلوں کو روکا جاتا ہے اور ان کے کاغذات چیک کرنے کے علاوہ ان کو چلانے والوں سے پوچھ گچھ کی جاتی ہے۔دریں اثنا پائین شہر کے خانیار، نوہٹہ، گوجوارہ ، حول ، صراف کدل ، بہوری کدل ، راجوری کدل علاقوں میں بھی سیکورٹی فورسز کی جانب سے گاڑیوں کو روک کر ا±ن کی تلاشی لی جارہی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ شام کے اوقات میں پائین شہر کے حساس علاقوں میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لا کر گاڑیوں اور راہگیروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔

Comments are closed.