کرسمس کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا
سرینگر/25 دسمبر
ملک بھر کی طرح وادی کشمیر میں بھی اتوار کے روز چلہ کلان کی زمستانی ہواو¿ں کے بیچ مسیحی برادری کا تہوار کرسمس مذہبی احترام وعقیدت کے ساتھ منایا گیا۔موقعے کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب سری نگر کے مولانا آزاد روڈ پر واقع ہولی فیملی کیتھولک چرچ میں منعقد ہوئی جہاں صبح سے ہی مخصوص لباس میں ملبوس مسیحی برادری سے وابستہ لوگوں مرد و زن اور بچوں نے حاضری دے کر عبادات میں حصہ لیا۔تہوار کے موقع پر جہاں لوگوں نے ایک دوسرے میں تحائف و مٹھائیں تقسیم کیں وہیں دعائیہ مجالس میں بھی دنیا بھر بالخصوص وادی کشمیر کی ترقی و خوشحالی اور امن و آتشتی کے لئے دعا کی گئیں۔مولانا ا?زاد روڈ پر واقع چرچ میں مسلمان اور ہندو برادریوں کے لوگ بھی جمع ہوئے اور اپنے مسیحی برادری کے لوگوں کے ساتھ مل کر کرسمس کا تہوار منایا۔اس موقع پر ہولی فیملی کیتھولک چرچ کے فادر، فادر بروٹو نے میڈیا کو بتایا کہ کرسمس محبت، خوشی اور آپسی بھائی چارے کا تہوار ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں ہمیشہ سے ہی یہ تہوار انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور یہاں ہمارے مسلمان بھائی ہمیشہ سے ہی ہمارے ساتھ کھڑے رہ کر اس تہوار کو مناتے آرہے ہیں۔ایک عقیدت مند نے میڈیا کو بتایا کہ یہ امن کا تہوار ہے اور اس میں تمام مذہبوں کے لوگ شرکت کر تے ہیں اور ا?پس میں محبت اور اخوت کو بانٹتے ہیں۔دریں اثنا سرمائی دارالحکومت جموں میں بھی کرسمس کے موقعے پرمختلف گرجا گھروں کو پرکشش انداز سے سجایا گیا تھا اوراتوار کی صبح سے ہی گرجا گھروں میں مسیحی برادری کے لوگوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔ لوگوں نے یہاں مختلف گرجا گھروں میں جا کر عبادت کی اور ملک و جموں وکشمیر کی خوشحالی کے لئے دعائیں کیں۔صوبہ جموں میں سب سے بڑی تقریب جموں کے گاندھی نگر میں واقع چرچ میں منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مسیحی برادری کے لوگوں نے شرکت کر کے خصوصی دعائیہ مجالس میں حصہ لیا۔
Comments are closed.