منشیات کی تجارت سے حاصل ہونے والی رقم جموں و کشمیر میں ملی ٹنسی کی سرگرمیوں میں استعمال ہوتی ہے/ دلباغ سنگھ
سرینگر /18نومبر/
منشیات کی تجارت سے حاصل ہونی والی رقم جموں کشمیر میں ملی ٹنسی سرگرمیوں کیلئے استعمال ہوتی ہے کا دعویٰ کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے افسران کو ہدایت دی کہ منشیات سے متعلق کھیتی کو تباہ کریں اور منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی جائیدادوں کو ضبط کریں۔سی این آئی کے مطابق جموں میں پولیس کے اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے کہا کہ منشیات کی لعنت ایک بڑے خطرے کے طور پر ابھری ہے کیونکہ اس تجارت سے حاصل ہونے والی رقم ملی ٹنسی کی سرگرمیوں میں استعمال ہو رہی ہے۔انہوں نے محکمہ پولیس پر زور دیا کہ وہ منشیات کے مقدمات کی تفتیش کو تیز کرے اور سزا کی شرح میں اضافہ کرے۔انہوں نے اپنے محکمے سے کہا کہ وہ نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک مادہ ایکٹ، 1985، اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، 2008 کے مقدمات پر مشن موڈ پر کام کرے۔دلباغ سنگھ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ جموں میں منشیات سے متعلق کھیتی کو تباہ کریں اور منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی جائیدادوں کو ضبط کریں۔ڈی جی پی نے اپنے افسران پر زور دیا کہ وہ مزید تفتیشی اہلکاروں کی نشاندہی کریں اور انہیں بڑھتے ہوئے کیسوں سے نمٹنے کے لیے تربیت دیں۔انہوں نے کہا کہ تفتیش کاروں کو خود کو جانچ کی بہترین مہارتوں سے آراستہ کرنے اور یو اے پی اے، منشیات اور دیگر حساس معاملات کے تحت سزا کو یقینی بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ زیر التوا مقدمات کو حساسیت کی بنیاد پر کم سے کم وقت میں نمٹا دیں۔دلباغ سنگھ نے گائے اور دیگر مویشیوں کی اسمگلنگ کو ”منظم جرم“قرار دیا اور افسران سے کہا کہ وہ مجرموں کی شناخت اور انہیں پکڑنے کے لیے مزید کوششیں کریں۔ڈی جی پی نے افسران کو یقین دلایا کہ پولیس ہیڈکوارٹر تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے درکار ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہے۔
Comments are closed.