محکمہ سیاحت کشمیر نے پانپور میں’ زعفران فیسٹول‘ کا اِنعقادکیا

پانپور/یکمنومبر
محکمہ سیاحت کشمیر نے آج پانپور کی کریوالینڈس میں ایک ’زعفران فیسٹول ‘ کا اِنعقاد کیا۔
اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری ، ناظم سیاحت کشمیر فضل الحسیب ، ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال ، زعفران کے کاشت کاراور دیگر شراکت دا ر موجود تھے۔
اِس فیسٹول کا اِنعقاد محکمہ زراعت ، سکاسٹ کشمیر ، کوآپریٹیو سوسائٹیز او ردیگر شراکت داروں کے اِشتراک سے کیا گیا تھا۔
اِس موقعہ پر مہمان خصوصی صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ کشمیری زعفران پوری دُنیا میں مقبول ہے اور ہم سب کو اس کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے تکنیکی اقدامات، تکنیکی مدد او رآبپاشی سہولیات سے زعفران کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات متعارف کئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کسانوں کو ان اقدامات سے فائدہ اُٹھانے اور بہتر منافع کے لئے بہتر آبپاشی سہولیات اور جی آئی سر ٹیفکیشن کا اِستعمال کرنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے کاشت کاروں کو بھی تلقین کی کہ وہ کریوا کی زمین کو کسی اور مقصد کے لئے اِستعمال نہ کریں کیوں کہ یہ زمین دُنیا کا بہترین زعفران پیدا کرتی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ سیاحوں نے مقامی لوگوں کی معیشت میں اِضافہ کیا ہے کیوں کہ سیاح زعفران کے کھیتوں کے مناظر کا تجربہ کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جی آئی ٹیگنگ نے کشمیر زعفران کے لئے نئی راہیں کھول دی ہیں اور حکومت اِس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ زعفران کی کاشت اور کٹائی کے بعد کے اِنتظام کے دوران عالمی سطح پر تسلیم شدہ معیار کو پورا کیا جائے۔
اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ نے اَپنے خیالا ت کا اِظہا رکرتے ہوئے کہا کہ حکومت زعفران کو کشمیر کے سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے پُر عزم ہے اور اُنہوں نے کہا کہ ویٹ لینڈ اور زعفران پانپور کی مقامی آبادی کے لئے ایک دوسرے سے جُڑے ہوئے معیشت ہیں۔
اُنہوں نے تمام شراکت داروں کے تعاون پر شکریہ اَدا کیا اور کہا کہ اس طرح کے مزید فیسٹولوں کا اِنعقاد بڑے پیمانے پر کیا جائے گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کی شرکت آنے والی بہتر چیزوں کی علامت ہے۔

Comments are closed.