اننت ناگ تصادم : زخمی کھوجی کتا ہسپتال میں دم توڑ گیا /دفاعی ترجمان

سری نگر،13 اکتوبر
اننت ناگ تصادم آرائی کے دوران گولیاں لگنے سے زخمی ہوا کھوجی کتا بادامی باغ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پیر کے روز سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے درمیان تصادم آرائی کے دوران زخمی تربیت یافتہ کتا بادامی باغ فوجی ہسپتال میں جمعرات کے روز زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔
دفاعی ترجمان کے مطابق زوم نامی تربیت یافتہ کتے نے ہی رہائشی مکان میں موجود ملی ٹینٹوں کی نشاندہی کی۔ان کے مطابق مذکورہ تربیت یافتہ کتنے نے جنوبی کشمیر میں متعدد تصادم آرائیوں میں حصہ لیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار کی درمیانی شب کوکر ناگ کے ٹینگہ پاوا گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہاکہ پیر کی صبح فوج نے زوم نامی اپنے حملہ آور کتے کو مشتبہ مکان کے اندر بھیجا جہاں پر ملی ٹینٹ چھپے بیٹھے ہوئے تھے۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ”زوم“ایک اعلیٰ تربیت یافتہ اور چالاک کتا ہے ، ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے اور انہیں مار گرانے کی اس کو خصوصی تربیت دی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ زوم نے جنوبی کشمیر میں کئی فعال ملی ٹینٹ مخالف کارروائیوں کا حصہ لیا۔ترجمان کے مطابق پیر کی صبح ”زوم “کو ہمیشہ کی طرح اس گھر کو خالی کرنے کا کام سونپا گیا جہاں پر جنگجو چھپے بیٹھے ہوئے تھے تاہم آپریشن کے دوران کتے کے جسم میں دو گولیاں پیوست ہوئی اور وہ شدید طورپر زخمی ہو گیا۔ دفاعی ترجمان کے مطابق زوم نے ہی ملی ٹینٹوں کی نشاندہی کی اور ان پر حملہ کیا جس دوران وہ گولیاں لگنے سے شدید طورپر زخمی ہوا اور جمعرات کے روز وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔انہوں نے بتایا کہ گولیاں لگنے کے باوجود بھی زوم اپنے فرائض انجام دیتا رہا جس کے نتیجے میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔یو این آئی

Comments are closed.