پولیس سربراہ کی صدارت میں اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ ، گرے زونوں میں شبانہ گشت تیز کرنے کی ہدایت

سری نگر: 21 ستمبر: جموں و کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے پولیس کنٹرول روم کشمیر میں سرینگر اور جنوبی کشمیر کے اضلاع کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے افسران کی ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ میں سپیشل ڈی جی پی سی آئی ڈی جموں و کشمیر آر آر سوین، آئی جی سی آر پی ایف آپریشنز کشمیر، ایم ایس بھاٹیہ، آئی جی سی آر پی ایف سرینگر سیکٹر، چارو سنہا، اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار، آئی جی پی ہیڈکوارٹر، بی ایس توتی، ڈی آئی جی سی کے آر/ایس کے آر سوجیت کمار، ایس ایس پی سر ینگر راکیش بلوال اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے مختلف کامیاب ملی ٹنسی آپریشنوں کیلئے جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ ہمیں اپنے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے صلاحیتوں کو اور بڑھانا ہے۔ ڈی جی پی نے شہر سرینگر اور جنوبی کشمیر کے سیکورٹی گرڈ منصوبوں پر نظر ثانی کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور انہیں ملی ٹنسی کی طرف دھکیلنے میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنا جاری رکھنا چاہیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ گرے ایریاز میں علاقے کے تسلط اور شبانہ گشت کو مضبوط بنائیں۔

Comments are closed.