مشیر راجیو رائے بھٹناگر کا دورہ کپواڑہ ، ضلع کے تریاتی منظر نامے کا جائزہ لیا
کپواڑہ/03ستمبر
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیورائے بھٹناگر نے آج کہا کہ موجودہ ایل جی اِنتظامیہ کا واحد مقصد جموںوکشمیر کے عوام کی خدمت کرنا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اَفسروں اور عہد ہ داروںکو اَپنے مقررہ کردہ کاموں کے ہدف کوپورا کرنے کے لئے ذاتی دِلچسپی اور مداخلت کی ضرورت ہے۔
مشیر موصوف جوضلع کپواڑہ کے دو روزہ دورے پر ہیں ،نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں ڈی سی آفس کمپلیکس میں ضلع ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لینے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اُنہوں نے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل جی اِنتظامیہ اِس حقیقت سے واقف ہے کہ ضلع کپواڑہ ہمیشہ قوم کی تعمیرمیں اَپنا تعاون فراہم کرتا رہا ہے اور اِس طرح اِس ضلع کی خوشحالی اور ترقی ہمیشہ لیفٹیننٹ گورنر کی اوّلین ترجیح رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع کو اسپریشنل ڈسٹرکٹ کا درجہ مل گیا ہے اور اِس وجہ سے ضلع اچھے فنڈس حاصل کررہا ہے۔
راجیو رائے بھٹناگر نے کہا کہ تمام اَفسران اور فیلڈ دائرہ کاروں پر لازم ہے کہ وہ محنت ، عزم اور لگن سے کام کریں اور اَپنے آپ کو عوام کے سامنے جواب دہ بنائیں۔اُنہوں نے کہاکہ موجودہ ایل جی اِنتظامیہ مساوی ترقی پر یقین رکھتی ہے اور شہری اور دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے ہمیشہ پالیسیوں پر کام کرتی ہے۔
اُنہوں نے اَفسران کو لوگوں سے قریبی رابطہ رکھنے اور ضلع کی ترقی میں ان کو شامل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایل جی اِنتظامیہ جموںوکشمیر کے لوگوں کو جواب دہ اور شفاف طرزِ حکمرانی فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے اور رشوت کے خلاف کوئی رواداری نہیں رکھتی ۔
مشیر موصوف نے اَفسران سے مزید کہا کہ وہ ضلع کی سیاحتی صلاحیت سے فائدہ اُٹھائیں کیوں کہ اِس میں سیاحتی شعبے کو وسعت دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے اُنہوں نے افسران سے یہ بھی کہا کہ وہ ضلع کی ترقیاتی ضروریات کو بڑھانے کے لئے دیگر شعبوں جیسے زراعت اور باغبانی کی صلاحیتوں کو اِستعمال کریں۔
دورانِ میٹنگ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے ضلع کے تمام جاری ترقیاتی اور فلاحی کاموں کا شعبہ واری تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر کپواڑہ نے مشیر موصوف کو تفصیلی پرزنٹیشن سے ضلع کے ترقیاتی پروفائل کے بارے میں آگاہ کیا۔
مشیر موصوف کو جانکاری دی گئی کہ ضلع کارواں مالی سال کے لئے 1,598.53 کروڑ روپے کا کیپکس بجٹ ہے جس میں سے 141.58 کروڑ روپے جار ی کئے گئے ہیں۔
Comments are closed.