جب بھی جموں وکشمیرمیں اسمبلی انتخابات ہوں گے توہم انتخابات جیتیں گے؛ اگلی حکومت ہم بنائیں گے:ڈاکٹرفاروق

کہاافغان صورتحال کا اثر پڑے گا،سرپنچوںکو سیکورٹی فراہم کرنے کی مانگ

سری نگر:۳۱، اگست: نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگل کو دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی ۔انہوںنے کہاکہ جب بھی جموں وکشمیرمیں اسمبلی انتخابات ہوں گے توہم اگلی حکومت بنائیں گے۔کشمیرنیوزسروس (کے این ایس )کے مطابق جھیل ڈل کے کنارے پرواقع شیرکشمیرانٹرنیشنل کنوونشن کمپلیکس ( ایس کے آئی سی سی )میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ، ڈاکٹر فاروق نے اس سوال کے جواب میں کہ آیا این سی آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاری کر رہا ہے ، کہاکہ ہم اگلے الیکشن میں صفایاکریں گے اور انتخابات جیتیں گے۔ڈاکٹرفاروق کاکہناتھاکہ آپ دیکھیں میں پوری اتھارٹی کے ساتھ کہہ رہا ہوںکہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کی سب سے بڑی پارٹی ہے۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کوویڈ 19وبائی بیماری نے جموں و کشمیر میں ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع کو بھی متاثر کیا ہے۔انہوںنے صحافیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ خود دیکھ سکتے ہیں کہ آرٹیکل 370کی منسوخی کے بعد حالات بہتر ہوئے ہیں یا خراب ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میں اس کے بارے میں زیادہ بات نہیں کروں گا، اگر میں کچھ بھی کہوں تو وہ (بی جے پی) کہیں گے کہ میں اپوزیشن میں ہوں ،ان کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے، تو لوگوں کو خود فیصلہ کرنے دیں کہ کیا تبدیل ہوا اور کیا نہیں۔افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بارے میں ، ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ یقینا افغانستان میں ہونے والی تبدیلی کا اثر پڑے گا۔انہوںنے کہاکہ ہمارے پڑوسی ممالک مشکل میں ہیں۔ڈاکٹرفاروق کاکہناتھاکہ میں نہیں جانتا کہ کس ملک کو طالبان کے قبضے کے زیادہ اثرات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہمارے پاس پاکستان ، چین ، بھوٹان ، سری لنکا ، مالدیپ اور روس ہیں، کون جانتا ہے کہ آیا امریکہ کو طالبان کے اقتدار سنبھالنے سے زیادہ اثر پڑے گا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہاکہ میں نہیں کہہ سکتا ، لیکن ہاں ، افغان صورت حال کا دنیا پر ضرور اثر پڑے گا ۔ کشمیر میں سرپنچوں وپنچوں کی حفاظت کے بارے میں سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرفاروق نے کہا کہ سرپنچوں اور پنچوں کے علاوہ دیگر رہنماؤں کو جان لیوا خطرات کا سامنا ہے کیونکہ حال ہی میں ان میں سے بی جے پی سے تعلق رکھنے والے اور ان میں سے ایک جو اپنی پارٹی سے وابستہ تھے مارے گئے۔ انہوں نے کہاکہ سرپنچوں اور پنچوں اورسیاسی کارکنوں کے لئے کچھ سیکورٹی ہونی چاہیے۔

Comments are closed.