حج کی تیاریاں: مطاف میں داخلہ عارضی معطل؛ امسال خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت 10 زبانوں میں نشر ہوگا

سرینگر/07جولائی: حرم شریف کی انتظامیہ کی جانب سے حج کی تیاریوں کے لیے مطاف میں داخلہ عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ادھر امسال خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت دس زبانوں میں نشر کیا جائیگا۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق حرم شریف کی انتظامیہ کے مطابق کارکنان، صفائی اور سینیٹائزنگ کا عملہ اپنے فرائض انجام دے گا، حرم شریف میں پانچوں وقت کی اذانیں و نمازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔اس سال صرف 60 ہزار مقامی اور مقیم غیر ملکیوں کو حج کی اجازت دی گئی ہے، عازمینِ حج میں 150 ممالک کے اقامہ ہولڈرز مقیمین اور دیگر سعودی شہری شامل ہیں۔کورونا وائرس کی ویکسینیشن ،سوشل ڈسٹنسنگ اور ایس او پیز پر عمل درآمد کی خاص طور پر مانیٹرنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ادھر امسال خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت دس زبانوں میں نشر کیا جائیگا، حرمین انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام سے دینی آگہی پروگرام 25 سے زیادہ زبانوں میں پیش کیے جارہے ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حج پر طواف کے لیے 25 ٹریک تیار کئے گئے ہیں۔ مطاف میں جانے اور نکلنے کے لیے متعدد راستے مقرر کئے ہیں۔حرمین انتظامیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ صحنوں کی سینیٹائزنگ کے لیے 5 ہزار کارکنان کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

Comments are closed.