مودی کابینہ میں بڑے پیمانے پر پھیر بدل اور توسیع کا قوی امکان

وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں بی جے پی لیڈران کی اہم میٹنگ منعقد

سرینگر/06جولائی: مودی کابینہ میں بڑے پیمانے پر پھیر بدل کیا جاسکتا ہے اس ضمن میں وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ان کی رہائش گاہ پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور بی جے پی کے دیگر سینئر رہنماء شامل تھے ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وزیر اعظم کی سربراہی والی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کاکا امکان ہے ۔ اس ضمن میں آج وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ پر بی جے پی کے کئی بڑے لیڈران اور وزرا کی میٹنگ منعقد کی گئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے ہے کہ کابینہ میں 7 سے 9 جولائی کے درمیان بڑی تبدیلی ہوسکتی ہے۔ اس سے پہلے بھی وزیر اعظم اس موضوع کو لے کر کئی بار بی جے پی لیڈروں اور وزرا کے ساتھ تبادلہ خیال کرچکے ہیں۔ گزشتہ 30 جون کو کابینہ کی میٹنگ ہوئی تھی۔میڈیا رپورٹس کے دوران آج وزیر اعظم مودی کی رہائش گاہ پر ہونے والی میٹنگ میں کئی مرکزی وزر نے شرکت کی ،ان میں وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، دھرمیندر پردھان، وزیر ریل پیوش گوئل، پرہلاد جوشی اور زرعی وزیر نریندر سنگھ تومر کا نام شامل ہے۔ اس سے پہلے بھی وزیر اعظم بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا اور امت شاہ سمیت کئی سینئر لیڈروں سے ملاقات کرچکے ہیں۔رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ اس توسیع میں آئندہ اسمبلی انتخابات کا اثر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ اترپردیش میں این ڈی اے کے اتحادی اپنا دل کی انوپریا پٹیل کو جگہ مل سکتی ہے۔ وہیں، اترپردیش، مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش سے کچھ بی جے پی اراکین پارلیمنٹ کو کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس دوران اچھی کارکردگی نہیں کرسکے وزرا کو ہٹانے سمیت کئی محکمے بھی تبدیل کئے جاسکتے ہیں۔فی الحال، کابینہ میں وزرا کی تعداد 53 ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم خالی پڑے 28 جگہوں میں سے کچھ پر بی جے پی لیڈروں کو موقع دے سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اس دوران 20 بڑی تبدیلیوں کی امید ہے۔ مدھیہ پردیش کی سیاست میں بڑی تبدیلی لانے والے جیوتی رادتیہ سندھیا، آسام میں وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑنے والے سروا نند سونووال کو کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

Comments are closed.