شدید گرمی کے بیچ بعد دوپہر وادی میں موسم نے اچانک کروٹ بدلی

شمال اور جنوبی کشمیر کے علاقوں میں تیز آندھی ، ژالہ باری اور بارشیں

میوہ باغات اور مکانوں و درختوں کو نقصان ، لوگوں میں خوف و دہشت کی لہر

سرینگر/25جون: شدید گرمی کی لہر کے بیچ جمعہ کے بعد دوپہر کے وادی میں موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور دیکھتے ہی دیکھتے مطلع ابرآلود ہوا اور شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیرمیں تیز ہوائوں کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی ۔وادی کے متعدد علاقوں میں تیز اور طوفانی آندھی کے نتیجے میں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ درجنوں مکانوں کے چھت اڑ جانے کے علاوہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگرچہ صبح سے ہی تیزدھوپ کھلی تھی تاہم بعد دوپہر وادی کے کئی اضلاع میںتیز ہوائوں کے ساتھ ساتھ بادل گرجے جبکہ شدید بارشیں اور ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جمعہ کے بعد دوپہر موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور دیکھتے ہی دیکھتے آسمان بادلوں کی اوٹ میں چھپ گیا اور سورج بھی غائب ہواجس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کافی کمی واقع ہوئی ۔ اس دوران بارہمولہ، شوپیاں اور پلوامہ میں بادل گرجنے کے ساتھ ہی اچانک سخت ژالہ باری اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ ادھر ذرائع نے بتایا ہے کہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور شوپیان کے کئی علاقوں میں شدید ژالہ باری سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ دوپہر 4بجے جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں قریب 10منٹ تک شدید ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں کے ساتھ ساتھ میوہ درختوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے کاشت کاروں میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ ادھر ضلع بارہمولہ کے کئی علاقوں میں بھی بعد دوپہر کئی علاقوں میں شدید ترین ژالہ باری ہوئی جس نے میوہ باغات کو کافی نقصان سے دوچار کیا ۔ خراب موسمی صورتحال کے چلتے بعد دوپہر وادی کے متعدد علاقوں میں تیز اور طوفانی آندھی کے نتیجے میں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ درجنوں مکانوں کے چھت اڑ جانے کے علاوہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ۔تیز آندھی کے باعث کئی مقامات پر درخت اکھڑ کر مکانوں اور گاڑیوں پر گر آئے جس کے نتیجے میں کافی نقصان ہو گیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ شمال و جنوب کے متعدد علاقوں میں تیر آندھی کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا جس کے نتیجے میں درجنوں مکانوں کے چھت اْڑنے کے ساتھ ساتھ بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ جنوبی کشمیر سے بھی نمائندوں نے اطلاع دی ہے کہ درجنوں علاقوں میںاس وقت خوف و دہشت کی لہر پھیل گئی جب اچانک تیز آندھی کا سلسلہ شروع ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ تیز اندھی کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچ گیا ہے جبکہ درجنوں علاقوں میں بجلی پول اور درخت اکھاڑ آئے جس کے نتیجے میں بجلی کا نظام مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گی۔ادھر شام دیر گئے موسمی صورتحال میں تبدیلی آنے کے ساتھ ہی لوگوں نے گرمی کی شدید ترین لہر سے کچھ حد تک راحت پائی ۔

Comments are closed.