ہیرانگر میں سرحدی حفاظتی فورسز نے ایک سمگلر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا
منشیات کی تسکری کی کوشش ناکام بناکر 27کلو حشیش برآمد کی گئی /پولیس
سرینگر/23جون: ہیرا نگر میں سرحدی حفاظتی فورسز نے بدھ کے روز سرحد پار سے منشیات کی سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی میں ایک سمگلر ہلاک کیا گیا ہے جو غیر قانونی طریقے سے سرحد عبور کررہا ہے جبکہ اس موقعے پر 27کلو حشیش بھی برآمد کرنے کا دعوی کیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں پولیس نے بتایا کہ درانداز کی لاش کو تحویل میں لیا گیا ہے اور اس حوالے سے رپورٹ درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق صوبہ جموں کے ہیرا نگر سرحدی سیکٹر میں سرحدی حفاظتی فورس(بی ایس ایف ) نے سرحد پار سے اس طرف سمگل کی گئی ہیروین کی بھاری مقدار برآمد کرلی ہے اس دوران فورسز نے ایک درانداز کو بھی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو منشیات سمگلر تھا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ایک اسمگلر کو مار کر کروڑوں روپیے مالیت کی ہیرائن بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بین الاقوامی سیکٹر پر ہیرا نگر سیکٹر میں بدھ کی علی الصبح بی ایس ایف کے اہلکاروں نے ایک منشیات اسمگلرکو در اندازی کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔انہوں نے کہا کہ اہلکاروں نے اس کو پہلے وارننگ دی لیکن جب اس نے وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے بھاگنے کی کوشش کی تو اس پر گولیاں بر سائیں جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔اس کی تحویل سے27کلو گرام ہیرائن بر آمد کیا گیا ہے۔اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ہیرانگر پولیس سٹیشن کے سٹیشن آفیسر نے بتایا ہے کہ درانداز کی لاش کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے جبکہ اس ضمن میں ایک رپورٹ درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ہیرا نگر سیکٹر میں اس سے پہلے بھی کئی بار منشیات سمگلنگ کی کوشش کوناکام بنایا جاچکا ہے ۔ جبکہ اس علاقے میں اکثر پاکستانی ڈرونوں کی نقل و حرکت دیکھی جاتی ہے جن کو بی ایس ایف اہلکار واپس جانے پر مجبور کرتے ہیں۔
Comments are closed.