ترال جنگلات میں دوران تلاشی آپریشن پہاڑی سے گر کر دو فوجی اہلکار زخمی ، علاج و معالجہ کیلئے سرینگر کے فوجی اسپتال منتقل

سرینگر/26مئی/سی این آئی// جنوبی قصبہ ترال کے نارستان جنگلات میں بدھ کی صبح تلاشی آپریشن کے دوران دو فوجی اہلکار پہاڑی سے گر کر زخمی ہو گئے جس کے بعد دونوں کو علاج و معالجہ کیلئے فوجی اسپتال سرینگر منتقل کر دیا گیا ۔ سی این آئی کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاعات ملنے کے بعد فوج و سیکورٹی فورسز نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو نارستان جنگلات کے وانٹی ناڈعلاقے میں تلاشی آپریشن شروع کرد دیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تلاشی آپریشن کے دوران فوج کے دو اہلکار پہاڑی پر سے پیر پھسل جانے کے نتیجے میں وہاں سے نیچے گر گئے اور ان کو چوٹیں آئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں فوجی اہلکارو ں کے زخمی ہونے کے بعد انہیں ابتدائی مرہم پٹی وہاں دی گئی تاہم بعد میں انہیں علاقے سے نیچے لایا گیا جس کے بعد ہیلی کاپٹر سے انہیں سرینگر کے فوجی اسپتال مزید علاج و معالجہ کیلئے منتقل کر دیا گیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں فوجی اہلکاروں کو بادامی باغ سرینگر کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے جبکہ آخری اطلاعات ملنے تک جنگلات میںبھی تلاشی آپریشن جاری تھا تاہم نہ ہی کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد ہوئی ہے اور نہ ہی کسی جگہ سے جنگجوئوں اور فورسز کا ابھی تک آمنا سامنا ہوا ہے ۔

Comments are closed.