کاکا پورہ پلوامہ میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح جھڑپ ، تین مقامی البدر جنگجو جاں بحق ، رہائشی مکان تباہ

علاقے میںنوجوانوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان پُر تشدد جھڑپیں، ٹیر گیس شلنگ اور پیلٹ فائرنگ ، 10افراد زخمی

پلوامہ میں ہڑتال ، انٹر نیٹ خدمات معطل ، تینوں جنگجوئوںکو خود سپردگی کا موقعہ بھی دیا گیا انہوںنے پیشکش ٹھکرا دی / پولیس

سرینگر/02 اپریل: جنوبی ضلع پلوامہ کے کاکا پورہ علاقے میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح خونین معرکہ آرائی میںتین مقامی جنگجو جاںبحق ہو گئے جبکہ رہائشی مکان بھی زمین بوس ہو گیا ۔ ادھر جھڑپ کے مقام پر سیکورٹی فورسز اور نوجوانوں کے مابین پُر تشدد جھڑپیںہوئی جس دوران ٹیر گیس شلنگ اور پیلٹ فائرنگ کے نتیجے میںدو شیزہ سمیت ایک درجن کے قریب نوجوان زخمی ہو گئے ۔ جھڑپ کے ساتھ ہی ضلع پلوامہ میں انٹر نیٹ خدمات بند رہی جبکہ قصبہ کے بیشتر علاقوں میں ہڑتال رہی ۔ پولیس نے جھڑپ میں تین جنگجوئوںکی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہلوک جنگجو ئوںمیں سے دو نوگام سرینگر میں بی جے پی لیڈر کی رہائش گاہ پر حملے میںملوث تھے جبکہ حملے کے دوران مہلوک پولیس اہلکار سے چھینی گئی رائفل بھی بر آمد کر لی گئی ہے ۔ سی این آئی کو دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گاٹھ محلہ کاکا پورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو علاقے کو محاصرے میںلیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی علاقے میں فورسز نے تلاشی آپرشن شروع کر دیا تو وہاں چھپے بیٹھے جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی علاقے میں دو بددو جھڑپ شروع ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران فورسز کی اضافی کمک علاقے کی جانب روانہ کی گئی جنہوں نے پورے علاقے کو سیل کر دیا اور جنگجوئوںکے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے ۔اسی دوران اندھیرا ہونے کے باعث آپریشن صبح تک ملتوی کر دیا گیا اور علاقے کو مکمل طور پر سیل کرکے روشنی کے آلات نصب کئے گئے تاکہ جنگجوئوں کو فرار ہونے کا موقعہ نہ ملا ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق رات بھر آپریشن ملتوی رہنے کے بعد جونہی جمعہ کی صبح روشنی کی کرن چھا گئی تو علاقے میں دوبارہ آپریشن شروع کر دیا گیا جس دوران رہائشی مکان میں پھنسے جنگجوئوں کو بار بار خود سپردگی کرنے کا موقعہ فراہم کیا گا تاہم انہوں نے پیشکش ٹھکرادی اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے جواب میں فورسز نے بھی جوابی کارورائی کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقے میںکئی گھنٹوں تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کے بعد فورسز نے اس مکان جس میں جنگجوئوں چھپے بیٹھے تھے کو باررودی دھماکے سے اڑا دیا اور فائرنگ کا تبادلہ رک جانے کے ساتھ ہی جھڑپ کے مقام سے تین جنگجوئوں کی نعشیں ہتھیاروں سمیت بر آمد کر لی گئی ۔ پولیس نے جھڑپ میں تین جنگجوئوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں جنگجوئوں کی شناخت کیلئے کارورائی جاری ہے ۔پولیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جمعہ کو جنوبی ضلع پلوامہ کے کاکا پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فورسز اور جنگجوئوں کے مابین معرکہ آرائی کے نتیجے میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے۔جبکہ جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت ابھی نہیں ہوئی ہے۔ادھر جونہی جھڑپ میںتین جنگجوئوں کی ہلاکت کی خبر علاقے میں پھیل گئی تو بڑی تعدادمیںنوجوانوں نے سڑکوںپر نکل کر احتجاجی مظاہرے کئے جس دوران انہوںنے اسلام و آزای کے حق میںنعرہ بازی کی ۔ معلوم ہواہے کہ اسی دوران جونہی احتجاجی نوجوانوں نے جھڑپ کی جانب پیش قدمی کرنے کی کوشش کی تو وہاں پہلے ہی موجود سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے ان کا راستہ روک لیا اور نہیں آگے جانے کی اجازت نہیںدی گئی تاہم اس پر نوجوان مشتعل ہوئے اور انہوںنے سیکورٹی فورسز پر سنگباری کی جس کے جواب میںسیکورٹی فورسز نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس شلنگ اور پیلٹ فائرنگ کی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور احتجاجی مظاہرین کے بیچ ہوئی پُر تشدد جھڑپوں میںایک دو شیزہ سمیت 10کے قریب مظاہرین زخمی ہو گئے جنہیں علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ علاقے میں دن بھر حالات پُر تنائو تھے ۔ اسی دوران جھڑپ کے ساتھ ہی ضلع پلوامہ میںموبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئی جبکہ بیشتر علاقوں میں احتجاجی ہڑتال کے باعث معمول کی زندگی متاثر رہی جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی غائب رہی ۔

Comments are closed.