کورونا خطرے کے پیش اسکولوں کوبندکرناخارج ازامکان؛ صرف متاثرہ اسکول کچھ دن کیلئے بندرہیں گے:ناظم تعلیم کشمیر

سری نگر:۶۲،مارچ: حکومت نے جمعہ کے روز واضح کیاکہ کوروناوائرس خطرے کے پیش کشمیرمیں اسکول بندنہیں کئے جائیں گے بلکہ صرف ایسے تعلیمی اداروں میں کچھ روز کیلئے درس وتدریس کاعمل معطل کیاجائیگا ،جہاں کسی طالب علم یاملازم کووائرس میں مبتلاءپایاجائے گا۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیر کے ناظم تعلیم ڈاکٹر محمد یونس نے ایک انٹرویومیں کہاکہ کشمیر میں اسکولوں کو بند نہیں کیا جائے گا۔ انہوںنے بتایاکہ وادی کے مختلف علاقوں میں قائم 2ہزار ہائی اسکولوں میں سے ، ہمیں 4 اسکولوں سے کوروناکیسوں سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بعد میں جب ہم نے مڈل سطح کے اسکول کھولے تو پھر2سے 3 شکایات موصول ہوئیں۔اسلئے ہم نے پرائمری اسکول کھولنے میں تاخیر کی کیونکہ یہ ایک مشکل کام تھا۔ انہوںنے کہاکہ اب ہم نے پرائمری سطح کے اسکولوں کو بھی کھول دیا ہے۔ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیرکاکہناتھاکہ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ضلعی حکام کو لکھا ہے کہ وہ مختلف اسکولوں میں طلبہ کی بے ترتیب کورونا جانچ کروائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب ضلعی حکام ٹیسٹ کروا رہے ہیں۔ یہ جانچ کی وجہ سے ہی متاثرہ طلباءکا پتہ لگاسکتے ہیں جویہ ایک مستقل عمل ہے۔ناظم تعلیم کشمیر نے واضح کیاکہ ہم چیزوں کو عام بناکر اسکولوں کو یرغمال نہیں بنائیں گے۔ ہم نے ایک مکمل پروگرام شروع کیا ہے۔ کوئی بھی اسکول جو کوروناکے مثبت واقعات کی اطلاع دیتا ہے وہ 5سے 7 دن کے لئے بند رہے گا۔ اس عرصے کے دوران ، وائرس مرجائے گا۔ اس سے ہمیں احاطے کی صفائی کا وقت ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے حال ہی میں بڈگام میں اسکول کو کچھ دنوں کےلئے بند کردیا۔ اسی طرح سری نگر میں بھی ایک اسکول بند کردیا گیا۔ وہ کچھ دن بعد دوبارہ کھل گئے۔ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اسے مقامی بنایا جائے گا اور اسی کے مطابق نمٹا جائے گا۔انہوں نے ساتھ ہی کہاکہ محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں سینیٹائزر اور ماسک دستیاب رکھنے کےلئے اضافی وسائل کو بھی متحرک کیا ہے تاکہ طلباءلازمی معیاری عملیاتی طریقہ کاریعنی ایس او پیز پر عمل پیرا ہوسکیں۔

Comments are closed.