کرایہ کے کمرے میں چلائے جانے والے سکول کی منتقلی کے خلاف
ڈورو شاہ آباد اننت ناگ میں بچوں اور والدین کا احتجاج ، سکول اپنی جگہ پر واپس لانے کا مطالبہ
سرینگر/18مارچ: اننت ناگ ڈورو شاہ آباد میں قائم ایک سرکاری سکول کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے خلاف سکولی بچوں اور ان کے والدین نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سکول اپنے ہی گائوں میں رکھا جائے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈوروشاہ آباد نامی گائوں میں قائم ایک سرکاری پرائمری سکول کو دوسرے گائوں منتقل کرنے کے خلاف سکولی بچوں اور ان کے والدین نے زبردست ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے اس اقدام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔ بچوں کے والدین نے کہا ہے کہ ان کے گائوں کے سکول کو دوسرے گائوں منتقل کیا گیا ہے جو بچوں کیلئے بہت دور ہے اس کے علاوہ جس راستے سے بچوں کو سکول تک جانا ہے اس راستے پر اکثر و بیشتر جنگلی جانور گھومتے رہتے ہیں جو بچوں کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ۔ احتجاج کرنے والے والدین اور بچوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کو واپس اپنے ہی گائوں میں رکھا جائے ۔ اس سلسلے میں متعلقہ زیڈ ای او نے بتایا کہ اس گائوں میں سکول کرایہ کے کمروں میں چلایا جارہا تھا اور سکول کیلئے جگہ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے سکول کو منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر بچوں کو اس سے پریشانی ہوئی ہے اور تکلیف پہنچ رہی ہے تو وہ اس معاملے میں دوبارہ غورکریں گے اور سکول اپنے ہی گائوں میں دوبارہ چلانے کے بارے میں اقدامات اُٹھائیں گے تاہم اس کیلئے پہلے سکول کیلئے جگہ کا ہونا ضروری ہے ۔
Comments are closed.