بھارت کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دیتاہے تو یہ اس کے اپنے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا/ وزیر اعظم پاکستان

تعلقات میں بہتری کی کوششوں کا مثبت جواب نہیںملا ، دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے کیلئے پہلا قدم بھارت کو ہی اٹھانا ہو گا

سرینگر/17مارچ/سی این آئی// پاکستان میں موجودہ حکومت نے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے لیکن ان کوششوں کا جواب نہیں دیا گیاکی بات کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اگر بھارت کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دیتاہے تو یہ اس کے اپنے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستان کی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی سلامتی ڈویڑن کے زیر انتظام پہلے دو روزہ اسلام آباد سلامتی مذاکرے کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کے تنازع کا حل خطے میں غربت کے خاتمے اور اقتصادی ترقی میں انتہائی معاون ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت نے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے لیکن ان کوششوں کا جواب نہیں دیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ بھارت کے پانچ اگست دو ہزار انیس کو کشمیر سے متعلق غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام نے دوطرفہ تعلقات میں جمود کی نہج پر پہنچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے کیلئے پہلا قدم بھارت کو ہی اٹھانا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ اگر بھارت کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دیتاہے تو یہ اس کے اپنے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا۔افغانستان کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے ہر ممکن بہترین کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے موقع سے تمام فریقین کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ خطے میں امن قائم ہونے تک پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت سے مکمل طور پر استفادہ نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیکوسرٹی فورسز نے ملک میں امن یقینی بنانے کیلئے بھر پور کام کیا ہے۔پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ قومی غذائی تحفظ کے شعبے کا دائرہ کار بہت وسیع ہے جس میں غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور غربت کا خاتمہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بلین ٹری سونامی منصوبے کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کا سماجی تحفظ کے حوالے سے احساس پروگرام ملک میں غربت کے خاتمے میں معاون ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت غذائی تحفظ کے حوالے سے بھی ایک جامع پروگرام شروع کرے گی۔

Comments are closed.