ہند پاک کے مابین سندھ طاس معاہدے کا جلد حل نکل آئے گا؛ ہم بات چیت کے ذریعے امور کے دوستانہ حل پر یقین رکھتے ہیں/ بھارتی کمشنر
سرینگر/16مارچ: ہند پاک کے مابین سندھ طاس معاہدے کے متعلق دونوں ممالک کے درمیان کمشنر سطح کی بات چیت سے قبل بھارت نے امید ظاہر کی ہے کہ اس معاہدے کا حل جلد ہی نکل آئے گا ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق ایک نجی چینل کو دئے گئے اپنے خصوصی انٹر ویو میں بھارت کے کمشنر پردیپ کمار سکسینہ کا کہنا ہے کہ ہند پا کے مابین جاری آبی تنازعہ کا حل جلد نکل آئے گا ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت معاہدے کے تحت اپنے حقوق کے مکمل استعمال کے لئے پرعزم ہے اور اس کے لئے کوشاں ہے۔ ہم بات چیت کے ذریعے امور کے دوستانہ حل پر یقین رکھتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اگلے ہفتے ہونے والی ملاقات کے دوران دریائے چناب پر بھارتی پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائن پر پاکستان کے اعتراضات پر تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ جاری تبادلہ خیال سے ان امور پر ایک حل طے پا جائے گا۔پاک بھارت مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں آنے والا اجلاس کتنا اہم ہے کے سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ معاہدے کی دفعات کے تحت دونوں کمشنرز کے لئے یہ لازمی ہے کہ وہ سال میں کم از کم ایک بار بھارت اور اگلے سال پاکستان میں ملیں۔ اس سے قبل مارچ 2020 میں نئی دہلی میں آخری سال کی میٹنگ طے شدہ تھی، جو وبائی صورتحال کے پیش نظر باہمی رضامندی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد پہلی بار منسوخ کردی گئی تھی۔ صورتحال میں بہتری کے ساتھ یہ لازمی اجلاس کووڈ 19 سے متعلق تمام پروٹوکول کے ساتھ ہو رہا ہے۔واضح رہے کہ آئندہ اجلاس دو سال کے وقفے کے بعد ہونے والی 116 ویں میٹنگ ہوگی اور جب سے 1960 میں اس معاہدے پر دستخط ہوئے بھارت اور پاکستان کے درمیان 115 میٹنگ ہو چکی ہے ۔
Comments are closed.