وادی میں کام کررہے کشمیری مائیگرنٹ پنڈتوں کیلئے کوارٹروں کی تعمیر

10اضلاع میں بنائے جارہے رہائشی کوارٹروں کو پی ایم پیکیج کے تحت پنڈتوں کو فراہم کیا جائے گا

سرینگر/27فروری/سی این آئی // وادی کشمیر میں کام کررہے مائیگرینٹ کشمیری پنڈتوں کیلئے 10اضلاع میں رہائشی کوارٹر تعمیر کئے جارہے ہیں جن کو وزیر اعظم پیکیج کے تحت مائیگرنٹ کشمیری پنڈت ملازمین کو فراہم کئے جائیں گے ۔ یہ کوارٹر نو کروڑ سے زائد رقم سے تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ کرنٹ نیو زآف انڈیا کے مطابق کشمیری مائیگرنٹوں کے لئے وزیر اعظم ایمپلائیمنٹ پیکیج کے تحت وادی میں کام کررہے تمام کشمیری مائیگرنٹ ملازمین کو اس سال کے آخر تک رہائشی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ریلیف کمشنر مائیگرنٹس ٹی کے بٹ نے کہا کہ ملازمین کے لئے رہائشی کالونیاں تعمیر کرنے کے لئے2015میں پی ایم ڈی پی کے تحت 920 کروڑ روپئے کی رقم جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالونیاں تعمیر کرنے کا کام جاری ہے۔ ٹی کے بٹ نے کہا کہ اس سلسلے میں اننت ناگ ضلع میں ویسو اور بڈگام ضلع میں شیخ پورہ کے مقام پر کئی رہائشی فلیٹ تعمیر کرکے ملازمین کو الارٹ کئے گئے ہیں جبکہ دیگر کئی مقامات پر تعمیراتی کام چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ وادی کے تمام 10 اضلاع میں پی ایم ایمپلایمنٹ پیکیج کے تحت کام کرنے والے ملازمین کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لئے زمین کی نشاندہی ہوچکی ہے۔گاندربل ضلع میں وندہامہ کے مقام پر فلیٹ تعمیر کرنے کا کام شروع ہوچکا ہے جہاں بارہ بلاکس کی پہلی سلیب ڈالی چاچکی ہے۔ شوپیاں میں بھی کام شروع ہوچکا ہے اور موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی تعمیراتی کام رفتار پکڑلے گا۔ٹی کے بٹ نے کہا کہ اسکے علاوہ تین مقامات پر ایسی ہی کالونیاں تعمیر کرنے کے لئے درکار ایڈمنسٹریٹو ایپرول کا عمل جاری ہے اور اسکے بعد ہی ٹینڈرنگ کا عمل شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان مقامات میں گاندربل ضلع کے بابا دریا الدین اور اننت ناگ ضلع کے مچھ بھون اور شانگس کے مقامات پر کالونیاں تعمیر کرنے کے لئے عنقریب ہی ٹینڈر جاری کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ کشمیری مائیگرنٹس کی وادی واپسی اور انکی باز آبادکاری سے متعلق پیکیج کے ایک حصے کے طور پر 2008 میں 6000 سرکاری نوکریاں فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس سکیم کے تحت 3000ملازمین کی تنخواہیں مرکزی سرکار جبکہ دیگر 3000ملازمین کی تنخواہیں ریاستی سرکار کو ادا کرنا مقصود تھا تاہم اسوقت کی ریاستی سرکار 3000 نوکریاں فراہم کرنے سے قاصر رہی اسکے بعد مرکزی سرکار نے 2015میں پی ایم ڈی پی کے تحت باقی ماندہ 3000 نوکریاں بھی فراہم کرنے اور انکی تنخواہیں ادا کرنے کی ذمہ داری لی۔اسی پروگرام کے تحت تمام 6ہزار ملازمین کو وادی میں مفت رہائشی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ بھی لیا گیا۔ ابھی تک تعینات 4000ملازمین میں سے 1300ملازمین کو رہائشی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ مزید 1997 افرادکو ملازمت فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔

Comments are closed.